مقبوضہ کشمیر میں صدارتی نظام کا نفاذ بھارتی بوکھلاہٹ کی دلیل ہے،حافظ محمد سعید

نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ظلم و دہشت گردی کے ذریعہ دبانا ممکن نہیں پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، گروہ بندیوں میں الجھنے کی بجائے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے،امیر جماعت الدعوة کا تقریب سے خطاب و وفود سے گفتگو

بدھ 19 دسمبر 2018 22:36

مقبوضہ کشمیر میں صدارتی نظام کا نفاذ بھارتی بوکھلاہٹ کی دلیل ہے،حافظ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے بعد صدارتی نظام نافذ کرنا بھارتی بوکھلاہٹ کی دلیل ہے۔ نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ظلم و دہشت گردی کے ذریعہ دبانا ممکن نہیں۔ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے‘ اس کا تحفظ سب پر فرض ہے۔

ظلم اور ناانصافی کے خاتمہ میں محنت کش اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ گروہ بندیوں میں الجھنے کی بجائے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اسلام امن پسندی کا دین ہے، کسی پر ظلم کی اجازت نہیں دیتا۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں ملی لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام واسا ایمپلائز پھول یونین کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب اور بعدا زاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، ملی لیبر فیڈریشن کے صدر ایس ڈی ثاقب، صدر واسا ایمپلائزپھول یونین سعید خاں، چیئرمین واسا پھول یونین رانا اقبال،چوہدری محمد احسان، راجہ افضل، شبیر گجر، ابوالہاشم ربانی، رانا اشفاق، محبوب شاہ،راناشمشاد،یونس خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران واسا ایمپلائز پھول یونین کے عہدیداران کویونین انتخابات میں کامیابی پر مبارکباددی گئی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیاجبکہ حافظ محمد سعید کی آمد پر ان کے حق میں زبردست نعرے لگائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ محنت کرنے والوں کی قدر کرتا ہے اور اللہ رب العزت کو محنت کش بہت پسند ہیں۔ ہم نے محنت کشوںکے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں تا کہ انہیں حقوق ملیں اور ظلم و ناانصافی ختم ہو ۔ مغرب نے استحصالی نظام بنائے جس سے غریب کا استحصال ہوا۔وہ اپنے ان نظاموں کے پردے میں بہت کچھ کرتے ہیں۔

مسلمانوں کو اللہ نے یہ دین نعمت کے طور پر دیا ہے۔انہوںنے واسا ایمپلائز پھول یونین کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ ہم نے کام کرنا اور محنت کرنی ہے۔ اسلام انسانوں کے حقوق کی بات کرتا ہے کسی کو زیادتی کا حق نہیں دیتا۔یہ زمین اللہ کی ہے اور یہاں ملنے والے وسائل اور دولت انہیں امانت کے طور پر ملی ہے۔ افسوسناک بات ہے کہ مسلم خطوں و علاقوں میں عملا اسلامی نظام موجود نظرنہیں آتا۔

یہ ملک اللہ نے ہمیں نعمت کے طور پر دیاہے۔ہم پر فرض ہے کہ اس ملک میں اللہ کا نظام قائم کریں۔اس کیلئے سب سے بڑا کردار محنت کش ادا کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالی ہماری باہمی محبتیں قائم رکھے تاکہ ہم مل کر دنیا میں کردار ادا کر سکیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان جیسا ملک دنیا میں کوئی نہیں ہے یہ لا الہ الا اللہ کا ملک ہے۔لوگوں نے بڑے نعرے لگائے مگر اب وہ لوگ کردار ادا کریں گے جو ملک کو لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر چلانا چاہتے ہیں‘ اس پر اخلاص اور قربانی چاہیے۔

اللہ کو یہ بہت پسند ہے۔ میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ اس ملک کو اللہ اور اس کے رسول کا ملک بنا دیں۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ واسایونین کے منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دعا کرتا ہوں کہ اللہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کہ توفیق دے۔ یہ خدمت کا کام ہے۔ آپ کے کندھوں پر اس شہر کی ذمہ داری آئی ہے۔ لگن سے کام کرنا ہے اور حق ادا کرنا ہے۔

جب نیتوں میں اخلاص اور کام میں جذبہ ہو گا تو کامیابی آپ کا مقدر بنے گی۔ خدمت کا ایسا معیار قائم کریں کہ آنے والی نسلیں آپ کو یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں خدمت کے لیے نکلے ہیں۔پاکستان کلمہ کہ بنیاد پر بنا تھا کلمہ کسی فرقہ یا پارٹی کا نہیں۔ اس کلمہ کہ بنیاد پر آج ہم سب اکٹھے ہیں۔ملی لیبر فیڈریشن کے صدر ایس ڈی ثاقب نے کہا کہ محنت کشوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی۔

کسی نے کمیونزم کی بات کی تو کسی نے اپنے مفادات کی بنیاد پر محنت کشوں کو استعمال کیا لیکن مزدوروں کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ ہم پاکستان کے چھ کروڑ محنت کشوں کے لیے کام کریںگے اور حافظ سعید کا پیغام پہنچائیں گے۔ کلمہ کی بنیاد پر محنت کشوں کو اکٹھا کریں گے۔ ملی لیبر فیڈریشن محنت کشوں کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے۔ صدر واسا ایمپلائزپھول یونین سعید خاں، چیئرمین واسا پھول یونین رانا اقبال،چوہدری محمد احسان، راجہ افضل، شبیر گجر، ابوالہاشم ربانی، رانا اشفاق، محبوب شاہ،راناشمشاد،یونس خان ودیگر نے کہاکہ ہم باہم مل کر مزدوروں کے مسائل حل کرنے ہیں۔ہم ایس ڈی ثاقب کی قیادت میں آگے بڑھیں گے اوربھر پور ساتھ دیں گے۔ تمام اداروں میں ملی لیبر فیڈریشن کا کام ہونا چاہئے۔