حکومت نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروں کی تردید کردی

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی

muhammad ali محمد علی بدھ 19 دسمبر 2018 20:48

حکومت نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروں کی تردید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 دسمبر2018ء) حکومت نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروں کی تردید کردی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی، نہ ہی اس سلسلے میں کوئی اندرونی یا بیرونی دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔

بدھ کو سینیٹ اجلاس کے دوران میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سراج الحق، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ اور سینیٹر مشاق احمد کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت بعض معاملات صوبوں کے پاس ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیکٹا نہ ہی غداری کے مقدمات نمٹاتا ہے اور نہ ہی اس دفتر کے پاس متعلقہ معلومات ہیں اس لئے معلومات ضلع خیبر ایجنسی کے ڈپٹی کمشنر سے حاصل کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے خلاف غداری کے مقدمے کے حوالے سے سزا میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اکائیوں کا احترام کرتے ہیں، اس حوالے سے جو بھی مزید معلومات موصول ہوں گی، ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے کے لئے کوئی تحریری یا دوسرے طریقہ سے درخواست موصول نہیں ہوئی، نہ ہی ہم اندرونی یا بیرونی دبائو قبول کریں گے۔ شہریار آفریدی نے اس خبر کی بھی تردید کی کہ حکومت پاکستان نے شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کا کوئی مطالبہ کیا ہے۔