پنجاب حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے بڑا سنگ میل عبور کر لیا

پنجاب حکومت نے ای لرننگ پروگرام کے تحت چھٹی سے بارہوں کلاس تک کے کورسز کے آڈیو اور ویڈیو لیکچر آن لائن اپلوڈ کر دئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 19 دسمبر 2018 21:00

پنجاب حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے بڑا سنگ میل عبور کر لیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-19 دسمبر 2018ء ) :پنجاب حکومت نے طلباء و طالبات کو آن لائن کوچنگ کی سہولت فراہم کر دی۔پنجاب حکومت کی جانب سے ای لرننگ پروگرام کے تحت چھٹی سے بارہوں کلاس تک کے کورسز کے آڈیو اور ویڈیو لیکچر آن لائن کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق آج سے 15 سال قبل پاکستان میں تعلیمی و نصابی مدد کے حصول کے لیے اکیڈمیز کا کوئی تصور نہیں تھا۔

صرف ٹیوشن سسٹم رائج تھا اور اس سسٹم سے بھی انتہائی کمزور بچے استفادہ حاصل کرتے تھے۔یہانتک کہ ٹیوشن جانے والے بچوں کو نالائق تصور کیا جاتا تھا اور لوگ شرمندگی کے باعث یہ بتانا بھی پسند نہیں کرتے تھے کہ وہ ٹیوشن لیتے ہیں ۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری تعلیمی اداروں کو زوال آیا تو ٹیوشن کا رواج فروغ پانے لگا اور نظام کی اس خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک مافیا نے سر اٹھایا اور کوچنگ کے نام پر اکیڈمیز کھول لیں اور ہمارے ہاں اکیڈمیز کلچر اتنا فروغ پا چکا ہے کہ آج ہر شخص ہی اکیڈمی میں پڑھنے کو ترجیح دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کا جہاں ایک فائدہ ہوا ہے وہیں یہ نقصان بھی ہوا ہے کہ سرکاری اداروں میں تعلیم کا نظام مزید گرگیا ہے۔سرکاری ادارون سے وابستہ اساتذہ سرکاری اداروں میں اس دلجمعی سے نہیں پڑھاتے جس کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اکیڈمیز کا توڑ نکال لیا ہے۔
ای لرننگ کے تحت بچوں کو اب آن لائن کوچنگ دی جائے گی اس مقصد کے تحت پنجاب حکومت کی جانب سے چھٹی سے بارہوں کلاس تک کے کورسز کے آڈیو اور ویڈیو لیکچر آن لائن کر دئیے گئے ہیں۔