معروف کمپنی ہواوے کے مالک کی بیٹی ضمانت پر رہا، ضمانت کی رقم کس نے ادا کی ؟

ضمانتی مچلکے ادا کرنے والوں میں یوگا ماسٹر اور ہواوے کے دو سابق ملازم بھی شامل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 دسمبر 2018 12:43

معروف کمپنی ہواوے کے مالک کی بیٹی ضمانت پر رہا، ضمانت کی رقم کس نے ادا ..
کینیڈا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2018ء) : رواں ماہ کینیڈا نے امریکی ایماء پر گرفتار چین کی معروف کمپنی ہواوے کے مالک کی بیٹی اور اہم افسر مینگ وانژو کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ ضمانت پر رہا ہونے والے ہواوے کمپنی کے مالک کی صاحبزادی کے لاکھوں روپے کے ضمانتی مچلکے کینیڈا میں رہائش پذیر کچھ عام لوگوں نے ادا کیے۔ ان افراد میں ہواوے کمپنی کے دو سابق ملازم،ایک ملازم کی اہلیہ، ایک پراپرٹی ایجنٹ اور ایک یوگا ماسٹر شامل ہیں جنہوں نے مینگ وانژو کی ضمانت پر رہائی کے لیے ضمانتی مچلکوں کے عوض 2.2 ملین امریکی ڈالر اس یقین کے ساتھ ادا کیے کہ مینگ وانژو ان کو دھوکہ نہیں دے گی اور فرار نہیں ہو گی۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر کو وینکور شہر سے معروف کمپنی 'ہواوے' کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وانژو کو گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد امریکہ نے تحویل مجرمان کے معاہدے کے تحت ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ چین نے مینگ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکہ اور کینیڈا سے گرفتاری پر وضاحت طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا 'ہواوے' کمپنی کی جانب سے ایران کو نیٹ ورکنگ کا سامان فروخت کرنے سے متعلق تحقیقات کر رہا تھا۔

امریکہ نے شُبہ ظاہر کیا تھا کہ ہواوے کمپنی کی افسر مینگ وانژو نے ایران اور شمالی کوریا پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔ لیکن چین نے مینگ وانژو کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان الزامات کو واپس لے جن کی بنیاد پر وانژو کو وینکوور شہر میں طیارہ تبدیل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم رواں ماہ 12 دسمبر کو کینیڈا نے امریکی ایماء پر گرفتار چین کی معروف کمپنی ہواوے کے مالک کی بیٹی اور اہم افسر مینگ وانژو کو 2.2 ملین امریکی ڈالر کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کردیا تھا۔