Live Updates

الیکشن کمیشن سندھ نے آصف زرداری کے خلاف درخواست وصول کر لی

تحریکِ انصاف کا مطالبہ ہے کرپشن کیسز میں پہلے بڑی مچھلیوں کو پکڑا جائے،خرم شیر زمان کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 20 دسمبر 2018 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2018ء) الیکشن کمیشن سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست وصول کر لی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے جمعرات کو دیگر رہنمائوں کے ہمراہ سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی درخواست جمع کروانے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے، الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کو آپ نے خود جمع کرانا ہوگی، جس پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ لکھ کر دے دیں۔

الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ آپ بلاوجہ اس معاملے کو پیچیدہ بنا رہے ہیں، قانونی افسر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس معاملے پر عدالتی کارروائی کا اختیار اسلام آباد کے پاس ہے اور درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام پر لکھی جائے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنمائوں کے اصرار پر الیکشن کمیشن درخواست اسلام آباد بھیجنے پر تیار ہوگیا، الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صرف اس درخواست کو اسلام آباد روانہ کریں گے۔

تاہم، خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا کہ تحریری طور پر بتائیں کہ آپ درخواست وصول نہیں کر سکتے، جس پر درخواست وصول کر لی گئی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری ہے۔ تحریکِ انصاف کا مطالبہ ہے کہ کرپشن کیسز میں پہلے بڑی مچھلیوں کو پکڑا جائے۔چاہتے ہیں الیکشن کمیشن آصف علی زرداری کو ڈی سیٹ کر دے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک کا کام تمام ہوگیا اب دوسرے کی باری ہے، 24 دسمبر کو قوم کو اچھی خبر ملے گی۔خرم شیر زمان نے کہا آصف زرداری نے گوشواروں میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں، ان کی جائیداد سے متعلق کچھ دستاویزات ملی ہیں، پاکستان سے باہر موجود جائیداد کی دستاویزات پیش کی جا چکی ہیں، الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کی نا اہلی کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی۔

انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن جائیداد کی تحقیقات کر کے آصف زرداری کو ڈی سیٹ کر دے، جے آئی ٹی بھی تحقیقات میں مصروف ہے، جے آئی ٹی تحقیقات کرے کہ یہ جائیداد کس طریقے سے خریدی گئیں۔خرم شیر زمان نے بتایا کہ آصف زرداری کے خلاف 62 ون ایف کے تحت درخواست جمع کرائی گئی ہے، امریکا میں جائیداد چھپائی نہیں جا سکتی، ویب سائٹ سے بھی پتا چل جاتا ہے کہ جائیداد کس کی ہے اور کس کے نام پر ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انھیں معافی نہیں ملے گی، احتساب شروع ہو چکا ہے،اب جیل جانا پڑے گا۔ ادارے آزاد ہیں پی ٹی آئی نے کسی بھی ادارے پر دبا نہیں ڈالا، کسی کے پاس پی ٹی آئی رہنما کے خلاف دستاویزات ہیں تو عدالت جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات