شعیب ملک 250ٹونٹی ٹونٹی چھکے لگانےوالے پہلے پاکستانی اور 5ویں ایشیائی بلے باز بن گئے

سابق کپتان نے شاہد آفریدی اور ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 دسمبر 2018 14:11

شعیب ملک 250ٹونٹی ٹونٹی چھکے لگانےوالے پہلے پاکستانی اور 5ویں ایشیائی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21دسمبر2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شعیب ملک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں250چھکے لگانےوالے پہلے پاکستانی اور پانچویں ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں ۔ 36سالہ شعیب ملک نے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کراچی وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے لاہور بلیوز کی ٹیم کےخلاف36گیندوں پر2چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے 48رنز سکور کرنے کے دوران یہ کارنامہ سر انجام دیا ، شعیب ملک اب تک328ٹونٹی ٹونٹی میچز کی308اننگز میں37.16کی اوسط سے 8324رنز سکور کرچکے ہیں جن میں49نصف سنچریاں شامل ہیں ،وہ اب تک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں644چوکے اور251چھکے لگا چکے ہیں ۔

یاد رہے کہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ چھکے لگانے والے ایشیائی بلے بازوں میں روہت شرما 322چھکوں کےساتھ پہلے ، سریش رائنا 299چھکے لگا کر دوسرے،مہندرا سنگھ دھونی267چھکے لگا کر تیسرے اور یووراج سنگھ 253چھکے رسید کرکے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں ۔

(جاری ہے)

ویرات کوہلی ابتک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں245 اور شاہد آفریدی 227چھکے لگا چکے ہیں ۔ یاد رہے کہ قومی ٹی ٹونٹی کر کٹ ٹورنامنٹ کے 17ویں میچ میں ملتان نے لاہور وائٹس کو 7وکٹوں اور18ویں میچ میں کراچی وائٹس نے لاہور بلیوز کو 38رنزسے شکست دےدی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور وائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 7وکٹوں پر 109رنز بنائے ،علی خان 43رنزبنا کر ناٹ آﺅٹ رہے ، محمد عرفان خان نے 2وکٹیں حاصل کیں۔محمد حفیظ کے شاندار46ناقابل شکست رنز کی بدولت ملتان نے 17.2اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر113رنزبنا کر میچ جیت لیا۔دوسرے میچ میں کراچی وائٹس نے 6وکٹوں پر 179رنز بنائے ،اویس ضیا 68اورشعیب ملک 48رنزبناکر نمایاں رہے۔جواب میں لاہور بلیوز کی ٹیم 18.4اوور میں 141رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوگئی ،رضوان حسین45اور سعد نسیم23رنز بناکر نمایاں رہے۔کپتان محمد سمیع نے 14رنز دیکر 5کھلاڑیوں کا شکار کیا۔راحت علی نے 3جبکہ شعیب ملک اور رضا حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔