شاہد آفریدی کراچی کی رونقیں بحال کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی شہر قائد میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 دسمبر 2018 14:38

شاہد آفریدی کراچی کی رونقیں بحال کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22دسمبر2018ء) ایک وقت تھا جب کراچی میں رات میں دن تھا ہوتا تھا اور اسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا۔لیکن کراچی بھی وہاں کی گندی سیاست کا شکار ہو گیا اور پھر آہستہ آہستہ یہاں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ عام ہو گئی۔اور سٹریٹ کرائم تو بہت زیادہ بڑھ گیا اور ایک وقت ایسا آیا جب کراچی کے کچھ لوگ وہاں سے نکل مکانی کرنے کا سوچنے لگ گئے تاہم سلام ہو پاک فوج کو جس کی وجہ سے کراچی شہر کی رونقیں آج پھر بحال ہیں۔

کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے پاک آرمی اور سکیورٹی اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور دہشتگردی کےخلاف اس جنگ میں کئی جانیں بھی قربان ہو چکی ہیں تاہم اب کراچی کی رونقیں پھر سے واپس آ چکی ہیں جس کا واضح ثبوت پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورکی حالیہ ویڈیو ہے جس میں انہیں کراچی کی سڑکوں میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نوجوانوں میں گھل مل گئے،نوجوانوں نے بھی میجر جنرل آصف غفور کے سا تھ کرکٹ کھیلی اور سیلفیاں بھی بنائیں۔

(جاری ہے)

میجر جنرل آصف غفور کی کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی بھی میدان میں آگئے اور سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ” روشنیوں کے شہر کے سارے رنگ ایک بار پھر واپس آگئے ، کراچی کے نوجوان پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے ،ترکی میں ہونے کے باعث میں اس موقع سے محروم رہا،ہم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شکر گزار ہیں “ ۔