Live Updates

شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروںمیں صداقت نہیں ، مخدوم شاہ محمودقریشی

افغان مسئلے پرجوپیش رفت ہوئی وہ خوش آئندہ ہے ،پاکستان خطے میں امن چاہتاہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپورآوازبلندکی اورانسانی حقوق کی پامالی کو عالمی سطح پراٹھایاہے، وزیرخارجہ کی ملتان میں میڈیا سے بات چیت اورسکول کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 دسمبر 2018 20:31

شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی خبروںمیں صداقت نہیں ، ..
ملتان ۔22دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2018ء) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ پرگل دائودی کی نمائش کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ افغان مسئلے پرجوپیش رفت ہوئی ہے وہ خوش آئندہے میں نے اس سلسلے میںافغان صدر اشرف غنی سمیت دیگراعلیٰ حکام سے ملاقات کی ۔

ان ملاقاتوں کامقصد افغانستان میں امن وامان کاقیام تھا،تاہم فیصلہ افغان عوام کاہے کہ وہ امن چاہتے ہیں اوراس سلسلے میں مل بیٹھ کرفیصلہ انہیں کوکرناہوگا ۔ابوظہبی میں فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت میں بات آگے بڑھی ہے ہماری توخواہش ہے کہ بات مزید آگے بڑھے اورعلاقے میں امن واستحکام ہو ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ یہ کہاکہ ہم قیام امن کے لئے اپناکرداراداکرتے رہیں گے،افغانستان سے طالبان کاانخلاء صدر ٹرمپ کی پالیسی کاحصہ تھااورطالبان کی خواہش بھی یہی تھی کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا کوئی عندیہ دیاجائے لیکن وہ یہ چاہتے تھے کہ یہ عمل غیر مشروط ہواوربات چیت کے ذریعے چیزوں کومنطقی نتیجے کی طرف لے جایا جائے۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپورآوازبلندکی ہے اورانسانی حقوق کی پامالی کو عالمی سطح پراٹھایاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اس معاملے پربات چیت کی اورکہاکہ وہ بھارتی مظالم کی روک تھام کے لئے اپناکرداراداکریں۔

انہوںنے کہاکہ طاقت کے بل بوتے پرکشمیرکا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوسکتا ، انسانی حقوق کی رپورٹ میں باقاعدہ طور پر پاکستان کے موقف کی تائید کی گئی ہے ۔میں نے سیکرٹری جنرل اوآئی سی سے بھی بات کی اورکوشش کررہے ہیں کہ اس فورم سے بھی مسئلے کواجاگرکیاجائے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف متوقع فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمو دقریشی نے کہاکہ عدالتی عمل جاری ہے،عدلیہ آزاد ہے اوراحتساب کاعمل بھی آزادانہ طریقے سے جاری ہے۔

جنوبی پنجاب صوبے کے بارے میں سوال پرانہوںنے کہاکہ اس خطے کے ساتھ ماضی میں ناانصافی ہوتی رہی ،الگ صوبہ ہماری خواہش بھی ہے اورہمارے منشور کاحصہ بھی ۔ہم چاہتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص ملے اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں بھی کافی بحث ہوئی ۔سیاست کوایک طرف رکھیں اوریہ دیکھیں کہ یہاں کی ضرورت کیاہے ۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمودقریشی نے بتایاکہ27اور28دسمبرکو دفترخارجہ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقدہوگی جس میں وزیراعظم عمران خان ،عبدالزاق دائود اورمختلف وزارتوں کے اعلیٰ عہدیدارشریک ہوں گے۔

ایک سوال کے جوا ب میں انہوںنے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کوکرپشن سے بچایاجائے کرپشن ایک ہزار کی بھی ہوتی ہے اورایک ارب روپے کی بھی ،کوشش ہے کہ اربوں کی کرپشن کوروکیں ،اربوں کی کرپشن روکیں گے تو اس کے اثرات بھی نیچے تک آئیں گے ۔منی لانڈرنگ کوروکنے کی بھرپورکوشش کررہے ہیں ۔خارجہ امور میں ایک طویل عرصہ بعد ایک خوشگوار تبدیلی آئی ہے ،سعودی عرب سے بہت اچھے تعلقات بن چکے ہیں وہ ہمیں تین سال کے ادھارپرتیل دینے کااعلان کرچکاہے اس طرح ہم تقریباً12ارب روپے کافائدہ حاصل کرچکے ہیں ۔

عرب امارات کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں ، جنوری کے پہلے ہفتے عرب امارات کے ولی عہد پاکستان کادورہ کریں گے اورفروری میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان بھی پاکستان آئیں گے ۔چین اورملائیشیا کے سرمایہ کاروں سے ہماری ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔سینٹ میں مجھ سے پوچھاگیاکہ ہماری سفارتکاری کے کیا نتائج نکلے ہیں میں نے کہاکہ ہم نے صرف باتیں نہیں کیں عملی نتائج سامنے لائے ہیں ۔

اب آئی ایم ایف کو بھی لچک دکھانی ہوگی اورہماری خواہش کومدنظررکھناہوگا۔قبل ازیں وزیرخارجہ نے پھولوں کی بہترین نمائش کے انعقاد پرپی ایچ اے بورڈ کی کاوشوں کی تعریف کی اورکہاکہ یہ کارکردگی ہماری کلین اورگرین پاکستان سے مطابقت رکھتی ہے اس سے لوگوں کو بہت راحت میسرآئے گی ۔انہوںنے صاحب ثروت لوگوں کابھی شکریہ اداکیاجنہوںنے پی ایچ اے کے ساتھ رضاکارانہ طورپرکام کیا۔

انہوںنے کہاکہ میں امید کرتاہوں کہ ملتان کے دیگر پارکس بھی اسی طرح شانداربنائے جائیںگے ۔دریں اثناء وزیرخارجہ نے ملتان آرٹس کونسل میں ایک سکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو صحیح سمت دیناضروری ہوتاہے اوراس میںبنیادی کردارتعلیمی اداروں نے اداکرناہے ۔سکول ہمیشہ اساتذہ سے بنتے ہیں اوراساتذہ پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آنے والی نسل کی ایسی تربیت کرے جومستقبل میں پاکستان کو ترقی یافتہ قوم میں لے جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات