Live Updates

ڈی جی خان کے کھوسہ برادران کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان

سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ بلاول ہاؤس کراچی پہنچ گئے، دوست محمد کھوسہ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 دسمبر 2018 20:26

ڈی جی خان کے کھوسہ برادران کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ بلاول ہاؤس کراچی پہنچ گئے، دوست محمد کھوسہ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات 2018ء سے قبل ن لیگ کے ڈیرہ غازیخان سے منحرف رہنماء سردار ذوالفقار علی کھوسہ اور ان کے صاحبزادے دوست محمد کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

جس پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری سمیت دیگر رہنماؤں نے کارکنان کی تنقید پر واضح کیا تھا کہ سردار ذوالفقار کھوسہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے لیکن دوست محمد کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

(جاری ہے)

کیونکہ دوست محمد کھوسہ کو پارٹی میں نہ لینے کی وجہ ان کااداکارہ سپنا کیس میں ملوث پایا جانا ہے۔کھوسہ برادران کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر کارکنان نے سوالات اٹھائے تھے کہ عمران خان ایک ایسے شخص کو کیسے پارٹی میں شامل کرسکتے ہیں جن پر سپنا قتل کیس کا الزام ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے الزامات پر سردار ذوالفقار کھوسہ نے واضح کیا تھا کہ ان کے بیٹے دوست محمد کھوسہ پر کوئی ایسا الزام ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ دوست محمد کھوسہ پر ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے محض پروپیگنڈا الزامات لگائے تھے۔تاکہ ان کا سیاسی کیریئر برباد ہوجائے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے اس وقت پریس کانفرنس میں یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگر انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے توان کے ساتھ دوست محمد کھوسہ بھی تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔

یہ نہیں ہوسکتا کہ باپ شامل ہوا ہے اور بیٹا شامل نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ تحریک انصاف نے کھوسہ برادران کی پارٹی میں شمولیت کو دل سے تسلیم نہیں کیا تھا۔ شاید اسی وجہ سے کھوسہ برادران اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ کھوسہ برادران کو حکومت سازی میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔ جس کے باعث اب سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کرنے بلاول ہاؤس کراچی پہنچ گئے ہیں۔دوست کھوسہ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات میں باہمی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سے ڈیرہ غازیخان کے کھوسہ برادران کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات