توہین عدالت کیس: سابق سینیٹرفیصل رضا عابدی کو رہا کردیا گیا

فیصل رضا عابدی کا معافی نامہ قبول، فیصل رضا عابدی کو توہین عدالت کیس میں گرفتار کیا گیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 دسمبر 2018 20:41

توہین عدالت کیس: سابق سینیٹرفیصل رضا عابدی کو رہا کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق سینیٹرفیصل رضا عابدی کو رہا کردیا گیا، فیصل رضا عابدی کو توہین عدالت کیس میں گرفتار کیا گیا تھا،سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کی معافی منظور کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد سائبر کرائم عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی تیسرے مقدمے میں بھی ضمانت منظور کی گئی تھی۔

انسداد سائبر کرائم عدالت کے جج طاہر محمود نے فیصل رضا عابدی کے خلاف چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف ویب ٹی وی پر اشتعال انگیز انٹرویو سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، اس موقع پر فیصل رضا عابدی بھی عدالت میں موجود تھے جنہیں اڈیالہ جیل سے لاکر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی 2 مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی جبکہ انسداد سائبر کرائم عدالت نے ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔اس سے قبل اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جج شاہ رخ ارجمند نے فیصل رضا عابدی کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سابق سینیٹر پر فردِ جرم عائد کی تھی۔

فیصل رضا عابدی کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔ جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ کو پش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصل رضاعابدی کا طبی معائنہ بھی کروانے کی ہدایت کی تھی۔یہ بھی یاد رہے کہ 19 دسمبر کو سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی توہین عدالت کیس میں معافی کو منظور کرتے ہوئے ازخود نوٹس خارج کردیا تھا۔ جس کے باعث اب سابق سینیٹرفیصل رضا عابدی کو رہا کردیا گیا ہے۔