ریلوے حکام کی جانب سے مچھ میں کچے مکانات کو گرانے کا عمل قابل مذمت ہے ، میر عاصم کرد گیلو

سخت سردی میں غریب لوگوں کو بے گھر کرکے کھلے آسمان تلے لاکر بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے،سابق صوبائی وزیر

ہفتہ 22 دسمبر 2018 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلونے ریلوے حکام کی جانب سے مچھ میں کچے مکانات کو گرانے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت سردی میں غریب لوگوں کو بے گھر کرکے کھلے آسمان تلے لاکر بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے اگر مکانات گرانے کے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ہم بھرپور احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی ہم نے بات کی ہے اور اُنہوں نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلویز سے رابطہ کریں گے۔ یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں مچھ کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ ریلوے حکام نے مچھ میں ظلم و ستم کی جس نئی داستان کا آغاز کیا ہے اور کچے مکانات کو گرانے کا سلسلہ شروع کیا ہے اُس سے مچھ ، سبی اور آس پاس کے دیگر علاقوں میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے پہلے ہی بلوچستان میں روزگار نہیں ہے اور ظلم کی بات یہ ہے کہ غریب لوگوں سے چھتیں بھی چھینی جارہی ہیں اور سخت سردی میں جہاں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے گرچکا ہے غریب لوگ کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار پڑے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں اور خدشہ اس بات کا ہے کہ جان لیوا سردی میں جانی نقصانات ضیاع ہونے کے امکانات ہیں اُنہوں نے کہا کہ ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غریب عوام کو روزگار کے ساتھ ساتھ سر چھپانے کیلئے جگہ بھی فراہم کرے لیکن یہاں اُلٹی گنگا بہہ رہی ہے ریلوے حکام نے آپریشن کے نام پر غریب لوگوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے حکومت کو چاہیے کہ پہلے وہ ان کیلئے کوئی متبادل جگہ دیتی اس کے بعد یہ آپریشن کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

میں نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی بات کی ہے اور انہیں پوری صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد سے اس حوالے سے بات کریں گے اور انہیں صورتحال کی نزاکت سے آگاہ کریں گے۔