بلوچستان کے عوام کو صحت عامہ کی بنیاد ی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی

ہفتہ 22 دسمبر 2018 23:28

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی سے سیکرٹری خزانہ نور الامین مینگل ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر نور الحق بلوچ ، سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد کے علاوہ سی ای او کڈنی سینٹر کوئٹہ پروفیسر ڈاکٹر کریم زرکون ، سی ایچ کیو کے چیف ایگز یکٹو آفیسر عبداللہ جان جعفر ، ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر سلیم ابڑو ، ایم ایس بی ایم سی ہسپتا ل کوئٹہ ڈاکٹر فہیم ، ایم این سی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر گل بسین اعظم و دیگر نے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت عامہ کی بنیاد ی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا اس ضمن میں محکمہ صحت کو درپیش مالی مسائل کے حل کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں انہوںنے کہا کہ صوبے کے بڑے ہسپتال سمیت دور درا ز علاقوں میں صحت کے دیگر بنیادی مراکز میں ادویات وآلات کے حصول میں مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ محکمہ صحت فنڈز کے حوالے سے اپنی مالی ضروریات کے بارے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کرتا رہے تاکہ ضروری فنڈز کے اجراء میں بغیر کسی عجلت فوری اقدامات کیے جاسکیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اب ماضی جیسے حالات نہیں رہے تمام محکموں اور خصوصاً محکمہ صحت کو فنڈز کی فراہمی بروقت ہوگی لیکن جس کام اور چیزوں کے لئے فنڈز دیئے گئے اس کام کے معیار اور چیزوں کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔

انہوںنے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بنیادی صحت کی فراہمی کے حوالے سے خطیر رقم فراہم کی گئی لیکن صوبے میں ہسپتالوں اور بنیادی صحت کے مراکز کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ اس دور جدید میں بھی ہمارے صوبے کے لوگوں کو علاج ومعالجہ کے لئے دوسرے صوبوں کا رخ کرنا پڑتا ہے انہوںنے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں صحت، تعلیم، پینے صاف پانی کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے لہٰذا صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو جنگی بنیادوں پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی سوچ و فکر کا حصہ ہے۔ qt/sak/ifa 2142