تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے دیگر مراکز کی کار کردگی کو بہتر بنانے کیلئے تواتر سے فنڈ ز دیئے جارہے ہیں، میر محمد عارف محمد حسنی

ہفتہ 22 دسمبر 2018 23:28

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نفرو / یورو لوجی (BINUQ) کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری خزانہ نو ر الامین مینگل ، سیکریٹری سوشل ویلفیئر نور الحق بلوچ ، محکمہ خزانہ کے آفیسر غلام نبی لانگو و دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کہا کہ محکمہ خزانہ صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے دیگر مراکز کی کار کردگی کو بہتر بنانے اور ان ہسپتالوں میں ادویات و دیگر آلات کی فراہمی کیلئے تواتر سے فنڈ ز دیئے جارہے ہیں لہٰذااس ضمن میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ گردوں کے مرض میں مبتلاافرادانتہائی مشکلات سے دوچار ہوکر اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لہٰذا اگر ان مریضوں کو بروقت علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوں تو ان مریضوں کی مشکلات میں بڑی حدتک کمی لائی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ صوبے کے چند اضلاع کے ماسوائے باقی تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر ز میں ڈائیلا سز کی سہولیات فراہم کی جائیں تو صوبے کے عوام کو اپنے ہی علاقوں میں صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کو ضروری فنڈز میں سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے صوبائی وزیر اور سیکریٹریز کو ہسپتال کی کار کردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ 2015 سے اب تک ہسپتال کے مختلف شعبوں جس میں جنرل او پی ڈی میں تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ مریضوں کا معائنہ کیا چکا ہے جبکہ کل 27 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کئے گئے اور 65ہزار مریضوں کی ڈائیلاسزکی گئی ہے انہوںنے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں کے علاوہ ہمسایہ ممالک ایران اور افغانستان سے بھی مریضوں کی بڑی تعداد علاج کی غرض سے یہاں آتی ہے انہوںنے کہا کہ ہمارے وسائل کم ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں لہٰذا اس حوالے سے صوبائی حکومت ہسپتال کی کار کردگی برقرار رکھنے کیلئے معاونت فراہم کرے۔

دریں اثناء میر محمد عارف محمد حسنی ، سیکریٹری خزانہ نو رالامین مینگل اور سیکریٹری سوشل ویلفیئر نو رالحق بلوچ کے ہمراہ ریجنل بلڈ سینٹر بلوچستان کوئٹہ کا دورہ کیا اس موقع پر آر بی سی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر افضال اعوان ، منیجر ڈاکٹر حنیف مینگل اور ٹیکنیکل ٹیم لیڈر عبدالحلیم بنگلزئی نے صوبائی وزیر کو ادارے کی کار کردگی اور اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر سینٹر انتظامیہ و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ریجنل بلڈ سینٹر کا قیام صوبے کے عوام کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں کیونکہ خدا نخواستہ کسی ہنگامی صورتحال میں زخمی مریضوں کو فوری طور پر صاف اور ٹیسٹ شدہ خون مہیا کرنے سے ہم قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں لہٰذا اس حوالے سے بلڈ سینٹر میں خون کی وافر مقدار موجود ہو تو ہم شہر کے مختلف ہسپتالوں کو فوری طور پر خون فراہم کرسکتے ہیں ۔

انہوںنے خون کی عطیات کے حوالے سے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریجنل بلڈ سینٹر میں خون کا عطیہ دے کر اس کا ر خیر میں ضرور حصہ لیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کی کار کردگی کو خوب سراہا جبکہ میر محمد عارف محمد حسنی ، نور الامین مینگل ، نور الحق بلوچ اور محکمہ خزاہ کے آفیسر حاجی غلام لانگو نے بلڈ سینٹر میں خون کے عطیات بھی دیئے۔ صوبائی وزیر نے صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے بی ایم سی ہسپتال میں کیسز وارڈ ، ٹراما سینٹر اور چلڈرن ہسپتال کوئٹہ کا بھی دورہ کیاجہاں انتظامیہ نے ان کو اپنی کار کردگی او رمسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔