ایران پر نظر رکھنے کے لیے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز خلیج میں پہنچ گیا

کئی ماہ سے جاری خطے میں امریکا کی عسکری عدم موجودگی کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہو گیا،رپورٹ

اتوار 23 دسمبر 2018 12:40

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2018ء) امریکی طیارہ بردار بحری جہاز خلیج عربی کے پانی میں پہنچ گیا ۔ یہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے بعد علاقے میں پہنچنے والا پہلا امریکی طیارہ بردار جہاز ہے۔ مذکورہ پیش رفت تہران کی جانب سے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق دھمکیوں کی تکرار کے بعد سامنے آئی ۔

(جاری ہے)

اس طرح کئی ماہ سے جاری خطے میں امریکا کی عسکری عدم موجودگی کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہو گیا۔ایرانی ٹی وی کے مطابق رواں ماہ پانچ دسمبر کو ایرانی صدر حسن روحانی آبنائے ہرمز کو بند کر دینے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو جان لینا ہو گا کہ وہ ایرانی تیل کی برآمد روک دینے کی قدرت نہیں رکھتا۔امریکی اخبار نے پینٹاگون میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ بحری مجموعہ متوقع طور پر خطے میں کم از کم دو ماہ رہے گا۔اس کا مقصد ایسے وقت میں ایران کے سامنے طاقت کا مظاہرہ ہے جب کہ ایرانی پاسداران انقلاب زمینی اور سمندری مشقیں شروع کرنے والی ہیں۔