ملالہ یوسف زئی نے اہل خانہ کے ہمراہ فلم زیرو دیکھی ،ْ فلم کو قابل ستائش قرار دیدیا

شاہ رخ خان میں نے آپ کی فلم دیکھی جو مجھے اور میرے اہل خانہ کو بہت پسند آئی، فلم کافی دلچسپ تھی ،ْ ملالہ کا ویڈیو بیان

اتوار 23 دسمبر 2018 13:20

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2018ء) پاکستانی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ دیکھی جس کے بعد انہوں نے فلم کو قابل ستائش قرار دیا۔فلم دیکھنے کے بعد ملالہ نے شاہ رخ خان کیلئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ شاہ رخ خان میں نے آپ کی فلم دیکھی جو مجھے اور میرے اہل خانہ کو بہت پسند آئی، فلم کافی دلچسپ تھی۔ملالہ نے کہا کہ شاہ رخ خان میں آپ کی بہت بڑی مداح ہوں اور آپ سے ٹوئٹر پر چٹ چیٹ کر کے بہت اچھا محسوس ہوا، میں امید کرتی ہوں جب بھی آپ آکسفورڈ آئیں یا برطانیہ میں کبھی بھی آئیں تو ملاقات ضرور کریں گے جو کہ میرے لیے بہت اہم دن ہوگا۔

(جاری ہے)

ملالہ کا کہنا تھا کہ جیسا سب کہتے ہیں کہ آپ سوپر ہیں اور بہت زبردست ہیں میں بھی یہی کہوں گی واقعی آپ کا کام اور آپ بہت شاندار ہیں۔ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو طبی علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔