ہم نے معذرت خوانہ سیاست نہیں سیکھی ،مولانا فضل الرحمن

جھنگ روڈ پر تحفظ ناموس رسالت ؐملین مارچ سے خطاب ، سربراہ متحدہ مجلس عمل و دیگر مقررین کا خطاب

اتوار 23 دسمبر 2018 20:30

ہم نے معذرت خوانہ سیاست نہیں سیکھی ،مولانا فضل الرحمن
مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2018ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ دس سال سے لوگوں کو روزگار دینے، معیشت کو سنبھالا دینے،غریب افراد کو گھر دینے کا اعلان کیا جارہا تھامگر ڈالر تین ماہ کے اندر 145 روپے کا ہوگیا ہے۔جھنگ روڈ پر تحفظ ناموس رسالت ؐملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کی نظریاتی شناخت کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ہم نے معذرت خوانہ سیاست نہیں سیکھی اور نہ ہی ہمارے آباؤاجداد نے معذرت خوانہ سیاست سکھائی ہے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اسلامیات کا مضمون غیرمسلم بھی پڑھا سکیں گے، اگر اسلامیات کا مضمون کسی غیر مسلم نے پڑھانے کی کوشش کی تو اسے کمرہ جماعت سے اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے۔

(جاری ہے)

حکومت کی نظر میں متحدہ مجلس عمل کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر مٹھی بھر اجتماع ہے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے 27جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کا بھی اعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کے دباؤ پر عاطف میاں کو مشیر کے عہدے سے ہٹانا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مرحلہ ایسا بھی آسکتا ہے جب شٹرڈاؤن ،روڈ بلاک اور جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا جائیگا۔اس موقع پر امیر متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ راشد محمود سومرو،امیر جے یو آئی پنجاب مولاناعتیق الرحمان ،مولانا زبیراحمد صدیقی،مولاناسید کفیل شاہ بخاری ،مولانا یحییٰ عباسی ،سابق وفاقی وزیر امیر زمان ،جمیعت اہلحدیث کے مرکزی رہنمائمولاناابو تراب اورمولاناعبد المعبود آزادنے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ملین مارچ میں عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے بھی اظہار یکجہتی کیا،تقریب میں مولاناشاہ اویس نورانی ،مولانا اللہ وسایا،مولاناعبد الرحمان درخواستی ،مولانا خلیل الرحمان درخواستی ،مولانا عبدا لہادی ،حافظ منیر احمد ودیگر علماء بھی موجود تھے۔