Live Updates

قوموں کی ترقی کا انحصار تعلیم پر ہوتا ہے‘ تعلیم کو اہمیت نہ دینے والی قومیں جمود کا شکار ہو جاتی ہیں‘ تعلیم سے ایک اچھی قیادت میسر ہوتی ہے‘ ہمارا فوکس تعلیم پر ہے جس سے ملک میں تبدیلی آئے گی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کیمز انسٹی ٹیوٹ ملتان کی سالانہ تقریب سے خطاب

اتوار 23 دسمبر 2018 21:00

ملتان ۔23دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ قوموں کی ترقی کا انحصار تعلیم پر ہوتا ہے‘ تعلیم کو اہمیت نہ دینے والی قومیں جمود کا شکار ہو جاتی ہیں‘ تعلیم سے ایک اچھی قیادت میسر ہوتی ہے‘ ہمارا فوکس تعلیم پر ہے جس سے ملک میں تبدیلی آئے گی۔ان خیالات کااظہارانہوںنے کیمز انسٹی ٹیوٹ ملتان کی سالانہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ تحریک انصاف کی کامیابی میں ایک اہم کردار تعلیم یافتہ نوجوانوں کا ہے اور یہ وہ نوجوان ہیں جو کرپشن سے پاک ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور انہی تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بدولت ہم اقتدار میں آئے۔ بدقسمتی سے ماضی کی حکو متوں نے صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات پر توجہ نہ دی جس سے عوامی ترقی کا سفر متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف انفراسٹکچر کی بجائے عوامی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کیلئے اور دنیا کی بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ ملالہ یوسفزئی ، یاسر شاہ جیسے نامور نام پاکستانی طالب علموں کیلئے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے انفراسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری سکولوں میں بچوں کی تعداد کم ہے‘ تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر کے مسائل ہیں‘ جنوبی پنجاب میں جس طرح پبلک سیکٹر ادارے کھلنا چاہئیں تھے وہ نہ کھل سکے ۔

جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب تعلیمی حوالے سے بھی پسماندگی کا شکار رہا اور اب پبلک سیکٹر ادارے بھی جنوبی پنجاب میں اپنا نیٹ ورک قائم کررہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔ مجھے امید ہے یہ نجی تعلیمی ادارے آنے والے دنوں میں طالب علموں کیلئے سہولیات پیدا کریں گے۔ اس موقع پر کیمز انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈائریکٹر مہر خضر حیات ہراج ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عرفان نجمی ، ڈاکٹر عزیر احمد ، پروفسیر حسین ، ڈاکٹر فیصل جہاں، خالد جاوید وڑائچ، میاں جمیل احمد ، رانا عبدالجبار ، بشیر ہراج اور طالب علموں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں شیلڈز و انعامات تقسیم کئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں گزشتہ روز مصروف دن گزارا این اے 156 اور 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں گئے ۔ یونین کونسل ڈیرہ محمدی میں سیاسی شخصیت ملک اکبر بھٹہ کی قل خوانی میں شرکت کی۔ یونین کونسل کوٹ رب نواز میں ماسٹر عبدالستار کی قل خوانی میں شرکت کی۔

ملک فتح محمد اوجلہ کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی ۔ یونین کونسل بدھلہ سنت میں رانا سلطان مرحوم کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کی۔ قادر پور راں میں انجمن تاجران قادر پور راں کے صدر شیخ عثمان کی ہمشیرہ کی شادی میں شرکت کی ۔ یونین کونسل کھگہ میں اظہر شاہ کھگہ کی بھتیجی کی شادی میں شرکت کی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات