پینٹاگون نے ٹرمپ کے فوج بلانے کے فیصلے کی مخالفت کردی

امریکی فوج کی افغانستان میں موجودگی سے طالبان پر امن مذاکرات کا دباؤ بڑھا ہے، پینٹاگون

پیر 24 دسمبر 2018 11:20

پینٹاگون نے ٹرمپ کے فوج بلانے کے فیصلے کی مخالفت کردی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2018ء) امریکی محکمہ دفاع نے کانگریس کو بتایا ہے کہ وہ جنگ زدہ افغانستان میں امن مرحلے کی حمایت کرتے ہوئے طالبان پر بالواسطہ اور بلا واسطہ دباؤ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں اداے کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے حکمت عملی دستاویزات کانگریس میں جمع کروادئیے گئے جس میں انہوں نے واضح طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان سے تقریباً آدھی امریکی فوج واپس بلانے کے فیصلے کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

پینٹاگون نے کانگریس کو بتایا کہ امریکا کو افغانستان میں نہ صرف اپنی فوج کی موجودگی کو یقینی بنانا چاہیے بلکہ فوجیوں کی طالبان کے خلاف کارروائیوں کو بھی برقرار رکھنا چاہیے۔پینٹاگون کے حکمت عملی دستاویزات میں کہا گیا کہ پینٹاگون بالواسطہ اور بلا واسطہ طالبان پر دباؤ برقرار رکھے جس کے ساتھ ساتھ افغان حکومت کی مقامی امن اقدام میں بھی تعاون جاری رکھے۔ان کا ماننا ہے کہ امریکی فوج کی افغانستان میں موجودگی سے طالبان پر امن مذاکرات کا دباؤ بڑھا ہے۔