Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کے خلاف فیصلے پر ردِ عمل سامنے آ گیا

احتساب کا عمل ملکی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ نواز شریف کے خلاف فیصلے سے سچ سامنے آ گیا۔ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 24 دسمبر 2018 17:36

وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کے خلاف فیصلے پر ردِ عمل سامنے آ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے پر بات چیت کی گئی جب کہ وزیراعظم عمران خان کو فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل ملکی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

نواز شریف کے خلاف فیصلے سے سچ سامنے آ گیا۔حکمرانوں نے اقتدار میں آ کر صرف دولت بنائی۔صرف 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا۔لیکن اتنے بڑے قرضے کے بعد بھی عوام کی حالت نہ بدل سکی بلکہ اس کے برعکس عوام غریب سے غریب تر ہو گئے۔واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنسز کا محفوظ کردہ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت، 25 ملین ڈالر جرمانہ اور دس سال کیلئے نااہلی کی سزا سنادی جبکہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کو بری کر دیا جس کے بعد کمرہ عدالت میں موجود نیب حکام نے انہیں تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احتساب عدالت کے آس پاس سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکنان صبح ساڑھے سات بجے ہی احتساب عدالت پہنچنا شروع ہو گئے۔ سابق وزیر اعظم احتساب عدالت کا فیصلہ سننے کے لئے ایک روز قبل اتوار کی صبح ہی اسلام آباد پہنچ گئے تھے۔ مسلم لیک (ن) کے رہنما احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مہتاب عباسی اور بزرگ رہنما جاوید ہاشمی بھی احتساب عدالتپہنچے۔

شاہد خاقان عباسی اور بعض دیگرلیگی رہنمائوں کو عدالت کے اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے احتساب عدالت جانے سے قبل اپنے وکیل خواجہ حارث سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز، پرویز رشید، طلال چوہدری، طارق فضل چوہدری اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات