بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا143واں یوم پیدائش، مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا

پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، تقریب میں پی ایم اے کی لیڈی کیڈٹس نے بھی حصہ لیا

منگل 25 دسمبر 2018 14:41

بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا143واں یوم پیدائش، مزار قائد پرگارڈز ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا143واں یوم پیدائش کے موقع پرکراچی میں مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم ای)کاکول کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا،کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میجرجنرل اخترنوازنے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایم اے کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

ان سے پہلے پاک فضائیہ کے دستے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔گارڈزکی تبدیلی کی تقریب میں پی ایم اے کی لیڈی کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی گئی اور بابائے قوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز نے بھی مزارقائد پر حاضری دی ، فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پہلی پاسنگ آئوٹ پریڈ25دسمبر1948کو منعقد ہوئی تھی ، جس کا معائنہ اس وقت کے گورنرجنرل خواجہ ناظم الدین نے کیااور چمپیئن کمیٹی کوقائداعظم بینرپیش کیاگیاتھا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کو یہ اعزازبھی حاصل ہے کہ یہ مسلح افواج کا واحد ادادرہ ہے کہ ، جسے بطور اکیڈمی کے ’’کرنل انچیف ‘‘قائداعظم نے’’قائدکااپنا‘‘قراردیا۔پی ایم اے کیڈٹس کی جانب سے مزار قائد پر گارڈزکے فرائض سنبھالنے کی قریب بابائے قوم کو کراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہرسال منعقد کی جاتی ہے۔