سندھ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی ہوا چل پڑی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نیب ریفرنس میں گرفتاری کی صورت میں سعید غنی اور ناصر حسین شاہ وزارت اعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوار قرار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 25 دسمبر 2018 15:47

سندھ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی ہوا چل پڑی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2018ء) :سندھ میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی ہوا چل پڑی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام نیب ریفرنس میں آنے کے بعد ان کی تبدیلی کے امکانات ہیں۔مراد علی شاہ کی تبدیلی کی صورت میں کس کو وزیراعلیٰ بنایا جائے گا اس مقصد کے لیے قیادت نے سر جوڑ لیے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں ممکنہ ناموں پر غور کیا جائے گا۔

جب کہ سعید غنی اور ناصر حسین شاہ کے نام مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔کل پیپلز پارٹی چئیرمین بلاول زرداری اور آصف زرداری کی زیر صدارت نوڈیرو میں سی ای سی اجلاس ہو گا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے لیے ممکنہ ناموں پر غور کیا جائے گا۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک موجودہ وزیراعلیٰ سمیت سابق وزرائے اعظم، سابق وفاقی و صوبائی وزراء، اہم سیاسی شخصیات اور سابق و موجودہ بیورو کریٹس کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کر رہا ہے جبکہ متعدد کیخلاف ریفرنس دائر کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

’’اے پی پی‘‘ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق نیب نے سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کا ریفرنس، سابقوزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے منظور قادر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیر مرید کاظم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وفاقی سیکرٹری نعیم خان کے خلاف توانا پاکستان سکینڈل میں بدعنوانی کا ریفرنس، سابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ملک نوید کے خلاف ہتھیاروں کی خریداری سکینڈل میں بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وفاقی سیکرٹری طارق حیات خان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سکندر عزیز کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نوابزادہ محمود زیب کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیر خیبرپختونخوا شیراعظم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف ای او بی آئی اور اوگرا کرپشن سکینڈل اور رینٹل پاور پراجیکٹ میں بدعنوانی کے 12 ریفرنس، سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کے خلاف اوگرا کرپشن سکینڈل میں بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ میں بدعنوانی کا ریفرنس، سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف آشیانہ اقبال کیس میں بدعنوانی کا ریفرنس، سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

جبکہ نیب وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کے خلاف سندھ ٹیوٹا میں ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں میں اختیارات کے ناجائز استعمال، سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کے خلاف کراچی پورٹ ٹرسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے اور غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔