نجم سیٹھی کا شہریار خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اشارہ

بھارتی بورڈ سے زر تلافی کیس ہارنے ،پی سی بی کو بھاری جرمانے کا ذمہ دار میں نہیں: سابق چیئرمین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 دسمبر 2018 17:13

نجم سیٹھی کا شہریار خان کیخلاف قانونی کارروائی کا اشارہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے شہریار خان کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ”بھارتی بورڈ سے زر تلافی کیس ہارنے اور بھاری جرمانے پر شہریار خا ن نے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا تاہم ان کے تمام الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، ایسا کہنا بالکل غلط ہوگا کہ باہمی سیریز کے سمجھوتے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بھارتی بورڈ پر کیس کرنے کا فیصلہ انفرادی طور پر کیا تھا اور وہ شہریار خان کے سنگین الزامات پر قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں، بھارتی بورڈ کیخلاف آئی سی سی میں کیس کیلئے پی سی بی گورننگ بورڈ سے منظوری حاصل کی گئی تھی“۔

واضح رہے کہ شہریار خان نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا کہ نجم سیٹھی کو مشورہ دیا گیا کہ بھارت کیخلاف باہمی سیریز نہ ہونے پر زرتلافی کیلئے آئی سی سی سے رجوع نہ کیا جائے کیونکہ پاکستان کا کیس بہت کمزورتھا۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ بھارتی بورڈ کے ساتھ مذاکرات پر زور دیا تھا اور مئی 2017ءمیں پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو نوٹس آف ڈسپیوٹ بھیجا تھا جس میں دونوں بورڈز میں مذاکرات جاری رکھنے کی بات بھی ہوئی تھی۔

شہریار خان کا کہنا کہ اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے دونوں کرکٹ بورڈ کے مابین بیک ڈور ڈپلومیسی جاری تھی اور اس ضمن میں میری آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سے بھی کئی بار بات ہوئی تھی جنہوں نے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے کا م کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن نجم سیٹھی ابتدا سے ہی آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی میں جانا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کو بھی قائل کر لیا تھا۔

شہریار خان نے پی سی بی کو ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف مکمل سیریز نہ کھیلنے سے پہلے ہی ہمیں بھاری نقصان ہو چکا تھا اور اب بی سی سی آئی اور آئی سی سی کو کیس کے اخراجات کی 60فیصد رقم بھی ادا کرنا ہوگی، پی سی بی کو پہنچنے والے اس نقصان کی مکمل ذمہ داری نجم سیٹھی پر عائد ہوتی ہے۔