پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے

منگل 25 دسمبر 2018 17:59

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2018ء) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول (پی ایم ای) کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پی ایم اے کی لیڈی کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔ مزار قائد پر ہونے والی گارڈز کی تبدیلی بابائے قوم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے۔

کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل اختر نواز نے پریڈ کا معائنہ کیا، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پہلی پاسنگ آئوٹ پریڈ 25 دسمبر 1948ء کو منعقد ہوئی تھی جس کا معائنہ اس وقت کے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے کیا اور چیمپئن کمپنی کو قائداعظم بینر پیش کیا تھا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ مسلح افواج کا واحد ادارہ ہے جسے بطور اکیڈمی کے ’’کرنل چیف‘‘ قائداعظم نے ’’قائد کا اپنا‘‘ قرار دیا۔ پی ایم اے کیڈٹس کی جانب سے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنے کی تقریب بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔