علی رضا عابدی کا قتل نہایت افسوسناک سانحہ اور ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش ہے‘ چودھری شجاعت حسین

مرحوم پاکستان سے محبت کرتے تھے، پاک فوج کی محنت اور قربانیوں سے قائم ہونے والے امن کو دشمن سبوتاژ نہیں کر سکتا، دلی تعزیت کا اظہار

بدھ 26 دسمبر 2018 18:30

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کراچی میں سابق رکن قومی اسمبلی سید علی رضا عابدی کے قتل پر انتہائی افسوس اور پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کراچی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے انتہائی باصلاحیت، باہمت اور محنتی کارکن تھے، قومی اسمبلی میں ان کی تقریریں پاکستان سے محبت کا ثبوت ہیں، ان کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، علی رضا عابدی قوم و ملک کا انتہائی قیمتی سرمایہ تھے۔

چودھری شجاعت حسین نے زور دیا کہ سندھ حکومت فوری طور پر ان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے اور ورثا کو انصاف دلائے، کراچی میں پاک فوج کی انتھک محنت اور قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے جس کو سبوتاژ کرنے کا دشمن کو سوچنا بھی نہیں چاہئے کیونکہ قوم امن دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فوج کو ملک میں امن قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی امن کوششوں اور دہشت گردی کی جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں کو سراہتے رہیںگے، اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی قوم کی طرح دنیا بھی پاک افواج کی امن کوششوں اور قربانیوں کو سراہے۔