مانسہرہ کی 35 سالہ محرومیوں کے خاتمہ کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، صالح محمد خان

بدھ 26 دسمبر 2018 18:45

مانسہرہ۔ 26 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2018ء) رکن قومی اسمبلی حاجی صالح محمد خان نے کہا ہے کہ مانسہرہ کی 35 سالہ محرومیوں کے خاتمہ کیلئے وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، الیکشن 2018ء میں این اے 13- مانسہرہ کی غیور عوام نے حلقہ سے پسماندگی کے خاتمہ کرنے کیلئے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، وہ حلقہ کی غیور عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

وہ بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی جنگ صرف اور صرف پسماندگی کے خلاف ہے، ان کے حلقہ کی غیور عوام عرصہ دراز سے بنیادی سہولیات سے محروم رہی ہیں مگر اب عوام کے ووٹ کی طاقت سے تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، اب عوام کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، اب حلقہ سے تعصب اور نفرتوں کو ختم کر کے بھائی چارے کی فضاء قائم کرتے ہوئے ایک ہو کر آگے نکلیں گے، عوامی خدمت کے اس سفر میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی اور عوام کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے جس کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں اور ان کی تکمیل سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی اور خوشحالی آئے گی۔