پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل کی مذمت

دہشت گرد ایک بار پھرسرگرم ہو گئے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں ، سید شاہ محمدشاہ

بدھ 26 دسمبر 2018 20:33

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل کی مذمت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرسید شاہ محمد شاہ،رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی اور خواجہ طارق نذیر نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنمااورسابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات شہر قائد کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں ۔

کراچی میں روشنیوں کی بحالی میاں نواز شریف کی مرہون منت ہے لیکن ان کو پابند سلاسل کرکے ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے ۔علی رضا عابدی ملکی سیاست کا ایک روشن چہرہ تھے اور کم عمری میں انہوںنے اپنا سیاسی مقام بنایا تھا ۔بدھ کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنمائوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے رہنما سید علی رضا عابدی کا بے دردی کے ساتھ قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف نے شہر قائد میں قیام امن کے لیے اقدامات کیے تھے۔ کراچی آپریشن کے بعد امن وامان کافی حد تک بحال ہوا ہے مگر سابق ایم این اے علی رضا عابدی کے افسوس ناک قتل سے لگتا ہے کی دہشت گرد ایک بار پھرسرگرم ہو گئے ہیں اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں سابق علی رضا عابدی کا قتل اس سلسلے کی کڑی ہے، شہر میں چائنز قونصلیٹ پر حملے ،قائد آباد بم دھماکہ ،پی ایس پی کے کارکنوں کا قتل اور اب یہ اندوہناک واقعہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

دہشت گردی کے پے در پے کے واقعات نے شہر میں ایک مرتبہ پھر خوف کی فضا پھیلا دی ہے اور شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں ۔اس لیے حکومت شہرمیںمزید قتل غارت گری کے سلسلے کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کرے۔ انہوںنے کہا کہ علی رضا عابدی نے انتہائی کم وقت میں اپنا سیاسی مقام بنایا تھا ۔ان کی وفات سے ملک ایک سلجھے ہوئے محب وطن اور پڑھے لکھے سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے ۔انہوںنے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی قیادت اور تمام کارکن آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوںنے علی رضا عابدی کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعابھی کی ۔