شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کی کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے ملاقاتیں

اہل خانہ نواز شریف کیلئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ہمراہ لیکر آئے ،والدہ بیٹے سے گلے لگ کر آبدیدہ ہو گئیں، دعائیں دیتی رہیں رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں احتساب عدالت کے فیصلے ، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ‘ ذرائع

جمعرات 27 دسمبر 2018 17:43

شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کی کوٹ لکھپت جیل میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2018ء) شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوںنے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، اہل خانہ نواز شریف کیلئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ہمراہ لے کر آئے ، رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں احتساب عدالت کے فیصلے ، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال اور مستقبل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے حکام کی جانب سے العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے اہل خانہ ، رشتہ داروں ،دوستوں اور پارٹی رہنمائوں کی ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت پارٹی رہنمائوںنے ان سے ملاقاتیں کیں۔

اہل خانہ ان کے لئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ساتھ لائے جو ان کے حوالے کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق والدہ نے نواز شریف کو اپنے گلے سے لگایا اور وہ آبدیدہ ہو گئیں اور انہیں دعائیں دیتی رہیں۔باقی اہل خانہ بھی نواز شریف سے گلے ملے اور اس موقع پر جذباتی مناظر تھے ۔ملاقات کیلئے مقررہ وقت کے بعد اہل خانہ واپس روانہ ہو گئے ۔ علاوہ ازیں پارٹی کے مرکزی رہنما احسن اقبال ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین ، رانا محمد اقبال ، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر نے بھی پارٹی قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی اوران سے یکجہتی کا اظہا رکیا ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر احتساب عدالت کے فیصلے، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔