امن پسند دنیا بینظیر بھٹو کے خون کی مقروض ہے،اسفندیار ولی خان

دہشتگردی کیخلاف واضح اور دو ٹوک موقف بینظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ بنی،سیاسی قیادت نے امن کی سب سے زیادہ قیمت چکائی ہے ،اے این پی بینظیر بھٹو ،بشیر بلور اور امن کے تمام شہیدوں کے خون کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،پاکستان عموماً اور پختونخوا خصوصاً انتہاپسندی اور دہشتگردی کی زد میں ہے،مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی

جمعرات 27 دسمبر 2018 19:12

امن پسند دنیا بینظیر بھٹو کے خون کی مقروض ہے،اسفندیار ولی خان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے شہید بینظیر بھٹو کی گیارویں برسی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ امن پسند دنیا بینظیر بھٹو کی خون کی مقروض ہے،دہشتگردی کے خلاف واضح اور دو ٹوک موقف بینظیر بھٹو کی شہادت کا باعث بنا اور آج تک دہشتگردوں کی جانب سے وہی لوگ اور سیاسی پارٹیاں نشانے پر ہے جو دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں،باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی اور زیادہ قیمت سیاسی قیادت اور سیاستدانوں نے چکائی ہے،عوامی نیشنل پارٹی بینظیر بھٹو،شہید بشیر احمد بلور اور امن کے تمام شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،اسفندیار ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مسلط کردہ جنگ میں پاکستان عموماً اور پختونخوا خصوصاً انتہا پسندی کی زد میں رہی،آج بھی حکومتوں کی جانب سے مصنوعی امن کے دعوے کیے جارہے ہیں ،مصنوعی امن کے دعوے ہماری نسلوں کے مستقبل کو بھیانک بنا دے گی،اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ پُرامن پاکستان کا مستقبل افغان امن عمل کی کامیابی سے جڑا ہے،اگر خدانخواستہ افغان امن عمل ناکامی سے دوچار ہوتا ہے تو اُس کا سب سے زیادہ اثر پورے خطے کے امن وامان پر پڑے گا،اسی لیے افغان امن عمل کے کامیابی کیلئے پاکستان،روس اور چائنہ کو خلوص دل سے کردار ادا کرنا ہوگا،تب جاکر کہی ممکن ہوگا کہ افغانستان میں امن کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔