دنیا کے 15 سے 20 بڑے بحری جہاز مجموعی طور پر ساری دنیا کی گاڑیوں سے زیادہ آلودگی پھیلاتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 27 دسمبر 2018 23:55

دنیا کے 15 سے 20 بڑے بحری جہاز مجموعی طور پر ساری دنیا کی گاڑیوں سے زیادہ ..

ہم گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کے بارے میں تو کافی حساس ہیں اور اسے ختم کرنے کے لیے برقی گاڑیوں کو عام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن آلودگی کےحوالے سے بحری جہازوں کی طرف توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔
دنیا کے صرف 15 سے 20 سب سے بڑے  بحری جہاز دنیا بھر کی گاڑیوں کے بھاری فیول آئل جلنے سے زیادہ آلودگی پھیلاتے ہیں۔  یہ بحری جہاز بہت سی موذی گیسیں خارج کرتے ہیں۔

ابھی تک بحری جہازوں کی پھیلائی جانے والی اس آلودگی پر کام شروع نہیں ہوا ۔
یاد رہے کہ اس وقت دنیا کی سڑکوں پر اندازاً 1.2 ارب گاڑیاں ہیں۔ 2035 تک یہ تعداد 2 ارب ہو جائے گی۔ ان گاڑیوں کی پھیلائی ہوئی آلودگی  بحری جہازوں کی پھیلائی گئی آلودگی کے سامنے کچھ نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی ریگولیٹری ایجنسی انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن 2020 کے شروع میں جہازوں سے سلفر کے اخراج کی حد متعین کرنے پر رضامند ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

یورپین پارلیمنٹ نے بھی 2021 سے بحری جہازرانی کو  یورپین یونین ایمیشن ٹریڈنگ سکیم میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
اس وقت بہت سی جہاز راں کمپنیاں قرض میں جکڑی ہوئی ہیں۔ ان کے پاس اتنے فنڈز ہی نہیں کہ وہ اپنے جہازوں کو تبدیل کر لیں۔ نئے قوانین کے بعد بہت سی جہاز راں کمپنیاں بند ہو سکتی ہیں۔ دنیا بھر کے بنک بحری جہازوں میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ اگر یہ  جہاز تبدیل نہ ہو سکے تو بنکوں کی سرمایہ کاری بھی ضائع چلی جائے گی۔