Live Updates

گند ، کچرا اور بد بودار میٹریل سامنے آنے پربھٹو کی قبر بھی آنسو بہا رہی ہو گی‘ شیخ رشیدکاوزیر اعلیٰ سندھ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

جمعہ 28 دسمبر 2018 16:30

گند ، کچرا اور بد بودار میٹریل سامنے آنے پربھٹو کی قبر بھی آنسو بہا ..
-لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گند ، کچرا اور بد بودار میٹریل سامنے آنے پرذوالفقا رعلی بھٹو کی قبر بھی آنسو بہا رہی ہو گی ، آنے والے چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ بھی دانشور اور دور اندریش جسٹس ہیں ، آج چوروں کو سات سال سزا ہوئی ہے اگر ہماری کرپشن ثابت ہو تو ہمیں14سال سزا ہونی چاہیے ،بزنس ٹرین اور شالیمار ہسپتال کا کیس نیب میں ہے اور اگر ضرورت سمجھی تو چیف جسٹس کے جانے سے پہلے پہلے ان کیسوں کو بھی سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے جبکہ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کی کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ ہے ، ہم کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنوا رہے لیکن پیپلز پارٹی کے اندر ابال آرہا ہے ، علی رضا عابدی کے قتل میں الطاف حسین ملوث ہے ، الطاف حسین کی باقیات کو بھی ختم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس نے ریلوے کے 90کی دہائی سے چلے آنے والے کیسز کا دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے ، اس میں اربوں روپے کی اراضی کے کیسز ہیں ،چیف جسٹس کے فیصلے کے بعد ریلوے 28سال بعد دوبارہ زندہ ہوئی ہے ۔ ریلوے کی طرف سے بھی سستی اورکاہلی تھی ، ریلوے کے جس لیگل آفیسر نے ہٹانے پر حکم امتناعی لے رکھا تھا چیف جسٹس نے اس کا بھی کیس لگایا ہے اور اسے آج بلا لیا ہے ۔

بزنس ٹرین والوںنے ہمارا دو ارب دینا ہے اسی طرح شالیمار کا کیس نیب میںہے ، اگر ضرور ت سمجھی تو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے جانے سے پہلے یہ کیسز سپریم کورٹ میں لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آنے والے چیف جسٹس بھی عظیم انسان ہیں ، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تاریخی کام کیا ہے کہ اپنے دور کے جتنے بھی کریمنل کیسز ہیں ان کا فیصلہ کردیا ہے ۔

کیونکہ عوام سستا اور فوری انصاف چاہتے ہیں ۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ دانشور اور دور اندیش جسٹس ہیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد مراد علی شاہ کو مستعفی ہو جانا چاہیے ، جس طرح کا گند ، کچرا اور بد بودار میٹریل سامنے آیا ہے اس پر تو ذوالفقار علی بھٹو کی قبر بھی آنسو بہا رہی ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ جس کا بھی نیب میں کیس ہے اس کا تعلق چاہے پی ٹی آئی سے ہو یا کسی دوسری جماعت سے اس کی انکوائری ہونی چاہیے،اگرآج چوروںکو سات سال سزا ہوئی ہے اگر ہماری کرپشن ثابت ہو تو ہمیں 14سال کی سزا ہونی چاہیے ۔

شیخ رشید نے سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ایوان کے اندر سے کسی نئے شخص کو وزیر اعلیٰ چنا جائے لیکن آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا ۔ انہوںنے بلاول کے خطاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں بلاول کے خطاب پرپریشان ہوں ۔ میرا خیال تھا کہ اب وہ جوان ہو گیا ہے اور باپ کی پچ پر نہیںکھیلے گا اور باپ کی سیاست کی بھینٹ نہیںچڑھے گالیکن اس نے جس طرح کی تقریر کی ہے مجھے اپنے بلاول کی فکر لا حق ہو گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ آصف علی زرداری نے کریمنالوجی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور چھوٹا موٹا کریمنل اسکی آنکھ میں سجتا ہی نہیں ۔ میں ذمہ داری سے بات کر رہا ہوں کہ جب آصف علی زرداری جیل میں تھا تو اس کے ملک بھر میں کریمینلز سے رابطے تھے ۔ آصف زرداری نے اگر میرے بلاول کو استعمال کیا تو مجھے دکھ ہوگا ۔ انہوںنے آصف زرداری اور دیگر کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے حوالے سے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے سزا ہے ۔

ان خاندانوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے اور جہیز نہ ہونے کی وجہ سے بیٹیاں گھروں میں بیٹھی بیٹھی بوڑھی ہو رہی ہیں ۔عمران خان کیلئے اقتدار امتحان سے کم نہیں ہے اور اگر عمران خان آئین و قانون کے دائر میں رہتے ہوئے انہیں اصل جگہ پر نہیں پہنچا تا تو عوام کا گلہ رہے گا کہ اس نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے چالیس سال پنجاب میں حکومت کی ، یہاں چھوٹے سے چھوٹے واقعہ پر دو گھنٹے کے لئے احتجاجاًٹریفک جام کر دی جاتی ہے لیکن ان کی محبت میں ایک ٹائر نہیں جلا ۔

یہ لوگوں کو ساری رات انتظام کر کے اسلام آباد لے گئے اور یہ بالکل اسی طرح تھا جس طرح انہوںنے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا ، ان لوگوںنے میرے ورکرز کوبھی استعمال کیا اور اور ہمیں خبر نہ ہونے دی ۔ انہوںنے کہا کہ انشا اللہ اچھا وقت آئے گا ، گندے انڈے ایک ٹوکرے میں اکٹھے ہو جائیں تو بہتر ہے اور مارچ سے پہلے گندے انڈے اکٹھے ہو جائیں گے اور پھر صفائی ہو گی بلکہ بھل صفائی ہو گی ۔

انہوںنے کہا کہ جیل آصف زرداری کا دوسرا گھر ہے انہیں جیل کیا کہتی ہے بلکہ یہ تو وہاں مزے کرتے ہیں ۔ آصف زرداری کی گرفتار ی کی خبر دینے کے حوالے سے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں چھوٹی موٹی خبر نہیں دیتا ، میں ہلکی پھلکی موسیقی نہیں چھیڑتا بلکہ پاک راگ لگاتا ہوں کہ 30مارچ سے پہلے بھل صفائی ہو گی اور سارے چور اندر ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ ایم ایل ون سے ریلوے کی تقدیر بدلنے جارہی ہے ، 23مارچ سے قبل اکانومی کلاس اور دو وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے ،کراچی سرکلر بھی سی پیک کا حصہ بن گیا ہے ۔

فیصل واڈا نے کہا کہ شیخ رشید نے صحیح کہا ہے کہ دودھ کی رکھوالی بلے کو بٹھا دیا گیا ہے ۔ شہباز شریف کوئی عام بلا نہیں بلکہ چور بلا ہے بلکہ باگڑ بلا ہے ۔ نواز شریف کو نئے پاکستان میں 4470نمبر کی نئی شناخت مل گئی ہے میں نے شیخ رشید سے کہا ہے کہ کوئی ترکیب لڑائیں انہیں 4420کریں کیونکہ انہوںنے چوری کی ساتھ ساتھ چار سو بیسی بھی کی ہے ۔ انہوں نے انڈس واٹر کمشنر کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں پرانی حکومت کی کوتاہیاں ہیں اور یہ بھارت کے آگے لیٹے ہوئے تھے، مودی کے یار نوازشریف نے ان کی ہر بات مانی اور لائن آف کنٹرول کے واقعات میں بھی ملوث تھے ،انہوںنے عدلیہ اور فوج کو بھی بدنام کیا ۔

انہوںنے کہا کہ انڈس واٹر کمشنر کے معاملے پر اور بھی سٹیک ہولڈرز ہیں جن سے مشاورت ہو رہی ہے ۔ میر ے پاس نام آئے ہیں جن میں سے شارٹ لسٹ کر کے تعیناتی کروں گا اور میں جب تک مطمئن نہ ہوں چاہے اس میں ایک دن ، ایک ماہ یا ایک سال لگ جائے فیصلہ نہیں کروں گا ،میں کسی طرح کا کوئی دبائو قبول نہیں کرتا۔ انہوںنے سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی نہ گورنر راج لگانے کی بات ہو رہی ہے اورنہ کوئی ایسی سوچ ہے ۔

پیپلز پارٹی میں ابال آرہا ہے ، ان کے لوگ رابطے میں ہیں۔ کیونکہ پیپلز پارٹی میں اب کوئی لیڈر نہیں رہا ۔ انہوںنے علی رضا عابدی کے قتل کے حوالے سے کہا کہ اس کے پیچھے الطاف حسین کا ہاتھ ہے او ران کے قاتلوں کو زمین کھودکر نکالیں گے ۔ الطاف حسین کے کریمینل بچے ابھی ختم نہیں ہوئے ، لاء انفورسمنٹ ادارے الطاف حسین کی باقیات کو ختم کریں گے ۔ میری آئی جی سے بات ہوئی ہے بہت جلد اچھی خبر سنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈرائی کلینگ کے بعد سمجھتے ہیں کہ وہ صاف ہو گئے ہیں انہیں بھی دیکھیں گے ،انہیں جو نیل لگایا گیا وہ بھی انکی طرح جعلی تھا۔انہوںنے کہا کہ میں اٹھارویں ترمیم کے خلاف ہوں اور اس کے خلاف کھڑا رہوں گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات