ہم علی رضا عابدی کے مقروض ہیں، فاروق ستار

قاتلوں کی گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، علی رضا عابدی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 30 دسمبر 2018 20:14

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 دسمبر2018ء) ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم علی رضا عابدی کے مقروض ہیں، قاتلوں کی گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، علی رضا عابدی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی رضاعابدی جس مقصد پر نکلا تھا اس کو قائم رکھنا ہے۔ ہم علی رضا عابدی کے مقروض ہیں، قاتلوں کی گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، علی رضا عابدی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قتل کیس میں محکمہ داخلہ سندھ نے مارشل سیکیورٹی کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق رہنما ایم کیو ایم پر حملے کے وقت سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ گھرپرتعینات تھا تاہم سیکیورٹی گارڈ کا کام علی رضا عابدی کی جان بچانا تھا لیکن حملے کے وقت وہ ہتھارنہیں چلا پایا۔

(جاری ہے)

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شواہد کے مطابق سیکیورٹی گارڈ غیرتربیت یافتہ تھا۔ گارڈ کے پاس موجود اسلحہ بھی ناکارہ تھا۔جاری کردہ نوٹس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سات روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیا جائے۔ جواب نہ دینے پر کمپنی آرڈیننس 2000 کے تحت لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔دوسری جانب تفتیشی حکام کے مطابق کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن علی رضا عابدی پر فائرنگ کرنے والے ملزموں تک ابھی تک نہیں پہنچا جا سکا ہے۔