Live Updates

مشن سندھ سے پہلے عمران خان اور فواد چوہدری کی ملاقات

وزیراطلاعات فواد چوہدری کی سندھ میں حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ، عمران خان نے بھی فواد چوہدری کو گائیڈ لائن دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 31 دسمبر 2018 13:18

مشن سندھ سے پہلے عمران خان اور فواد چوہدری کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 دسمبر 2018ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سندھ روانگی سے قبل وزیراعظم سے ملاقات کی ہے جس میں اہم معاملات ززیر غور آئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک تھے اور وزیر اطلاعات نے دورے کے آغاز سے قبل وزیراعظم سے گائیڈ لائن حاصل کی ہیں۔وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سندھ میں حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پیڑ پگاڑا ۔

لیاقت جتوئی ،ایم کیو ایم بہادر آباد اور ذوالفقار مرزا سے ملاقاتیں طے پائی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں گیس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اور کہا کہ ہم سندھ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔واضح رہے کپتان عمران خان کا سندھ میں جیالوں کی سرکار گرانے اور تبدیلی لانے کے مشن پر کام شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی لانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف متحرک ہو گئی ہے۔

پی ٹی آئی سندھ اسمبلیکے کئی ارکان سے رابطے کر رہی ہے۔ تحریک انصاف نے نمبر بازی لے جانے کے لیے کمر کس لی ہے،سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی 99ارکان کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزشین اتحاد کی 64 نشستیں ہیں۔ پی ٹی آئی کی 30،ایم کیو ایم کی 20اور جی ڈے اے کے 14ارکان ہیں۔ جب کہ تحریک لبیک پاکستان کی تین اورایم ایم اے کا ایک رکن سندھ اسمبلی ہے۔

جب کہ وزارت اعلیٰ کے لیے سادہ اکثریت85ارکان درکار ہے۔ کپتان عمران خان کے کھلاڑیوں نے سندھ اسمبلی کے کئی ارکان سے بیک ڈور رابطے رکھے ہوئے ہیں۔جب کہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سندھ پر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ، سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہمارے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ہمارے رہنمائوں اور وزراء کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرکے پی ٹی آئی حکومت اس خام خیالی کا شکار ہے کہ وہ سندھ پر حکومت کریگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کو سندھ پر مسلط نہیں ہونے دینگے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات