مریم نواز کی جیل میں والد سے طویل ملاقات

ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں نواز شریف کی ضمانت کے لیے درخواست عدالت میں جمع کروانے پر بھی بات چیت ہوئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 31 دسمبر 2018 15:10

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 دسمبر 2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی آج کوٹ لکھپت جیل آمد ہوئی جہاں انہوں نے اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔دونوں کی ملاقات کا دورانیہ قریباَ ایک گھنٹہ تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں نے مخلتف امور پر تبادلہ خیال کیا۔جس میں نواز شریف کی ضمانت کے لیے درخواست عدالت میں جمع کروانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

مریم نواز اپنے والد کے لیے کھانا اور کپڑے بھی لائی تھیں۔واضح رہے کوٹ لکھپت جیل کے حکام کی جانب سے العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے اہل خانہ ، رشتہ داروں ،دوستوں اور پارٹی رہنمائوں کی ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت پارٹی رہنمائوں نے گذشتہ جمعرات کو نواز شریف سے ملاقاتیں کیں۔

اہل خانہ ان کے لئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ساتھ لائے جو ان کے حوالے کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق والدہ نے نواز شریف کو اپنے گلے سے لگایا اور وہ آبدیدہ ہو گئیں اور انہیں دعائیں دیتی رہیں۔باقی اہل خانہ بھی نواز شریف سے گلے ملے اور اس موقع پر جذباتی مناظر تھے ۔ملاقات کیلئے مقررہ وقت کے بعد اہل خانہ واپس روانہ ہو گئے ۔ علاوہ ازیں پارٹی کے مرکزی رہنما احسن اقبال ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین ، رانا محمد اقبال ، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر نے بھی پارٹی قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی اوران سے یکجہتی کا اظہا رکیا ۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر احتساب عدالت کے فیصلے، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔مریم نواز نے ملاقات کے حوالے سے ٹوئیٹ کیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے آج جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔انکے ارادے اور جذبے بلند ہیں۔میں نے ان سے پوچھا کہ اگر گھر سے کسی چیز کی ضرورت ہے تو بھیج دوں اس پر میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہاں کلثوم نواز کی تصاویر بھیج دیں