Live Updates

پی ٹی آئی کی آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست کا معاملہ

خرم شیر زمان کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا نوٹس موصول ہوگیا، این اے 213 کی سیٹ تحریک انصاف کے نام ہونے والی ہے، خرم شیر زمان

پیر 31 دسمبر 2018 20:41

پی ٹی آئی کی آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست کا معاملہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام دس جنوری کو اسلام آباد سے اچھی خبر سنیں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی گردن کے گرد شکنجہ کستا چلا جا رہا ہے۔ ہمارا کیس مضبوط ہے اور قومی اسمبلی میں آصف علی زرداری کی سیٹ ان کی نہیں رہے گی۔

انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ذاتی طور پر حاضر ہو کر آصف زرداری کے خلاف دی جانے والی درخواست پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا ہے۔ ہم اپنا مؤقف مضبوط دلائل کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے رکھیں گے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی اور بھٹو ازم کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ یاد رہے ایم پی اے خرم شیر زمان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیو یارک اپارٹمنٹ جائیداد ظاہر نہ کرنے کے الزام میں نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر و رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری نے اپنی جائیداد اثاثوں میں ظاہر نہیں کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے، اس لیے انہیں نااہل کیا جائے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے پورے پاکستان بالخصوص سندھ کے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہے۔ اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے سابق صدر نے ملک کی سلامتی دائو پر لگا دی۔ اگر سابق صدر صادق اور امین ہیں تو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپنی صداقت ثابت کریں۔ تحریک انصاف سچ کو سچ ثابت کرکے رہے گی۔ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عوام کے حق کے لیے آواز اٹھار ہے ہیں۔ عوام کے لوٹے ہوئے پیسے کی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ۔ آصف علی زرداری تیار ہوجائیں، این اے 213 کی سیٹ تحریک انصاف کے نام ہونے والی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات