مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

منگل 1 جنوری 2019 13:18

مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس لاہور میں منعقد ہوئی جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،وزراء ، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان ، پاک افواج کے افسران ،لاء افسران ، چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

(جاری ہے)

مسٹر جسٹس محمد سردار محمد شمیم خان نے لاہور ہائی کورٹ کے 48ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے اور ان کے عہدے کی معیاد رواں برس 31دسمبر تک 2019ء تک ہے ۔مسٹر جسٹس سردارمحمد شمیم خان کے لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بننے کے بعد مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ سینئر ترین جج ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان یکم جنوری 1958ء کو رحیم یار خان میں پیدا ہوئے، 1985ء میں ضلع رحیم یار خان سے وکالت کا آغاز کیا۔جسٹس محمد سردار شمیم خان نے 19 فروری 2010ء کو لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور ایک سال کے بعد لاہورہائیکورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔