مولانا طارق جمیل دل کے عارضہ کے باعث ہسپتال داخل،ایک سٹنٹ ڈالا گیا

مختلف شخصیات نے ہسپتال میں عیادت کی ، مولانا طارق جمیل کی صحت بہتر ہے ‘ ڈاکٹرز

منگل 1 جنوری 2019 21:20

مولانا طارق جمیل دل کے عارضہ کے باعث ہسپتال داخل،ایک سٹنٹ ڈالا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) ممتاز عالم دین اورمذہبی سکالرمولانا طارق جمیل کو دل کے عارضہ کے باعث نجی ہسپتال داخل کرادیا گیا جہاں ایک سٹنٹ ڈالا گیا ہے ۔بتایا گیاہے کہ مولانا طارق جمیل گزشتہ رات کینیڈا سے واپس آئے تھے اور منگل کے روز انہیں سینے میں شدید تکلیف کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال لے جایا گیا ۔ ڈاکٹروں کی جانب سے مولانا طارق جمیل کو فوری طبی امداددی گئی اورمختلف ٹیسٹ کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کی تجویزکے بعد مولانا طارق جمیل کی انجیوگرافی کی گئی اور بعد ازاں ایک سٹنٹ ڈال دیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ چھ سال قبل بھی مولانا طارق جمیل کو سٹنٹ ڈالا گیا تھا۔مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے، انہیں آئندہ 24 گھنٹے ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ترجمان نے تصدیق کی کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد ہوا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال لایا گیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا طارق جمیل کی طبیعت اب بہتر ہے۔مولانا طارق جمیل کی علالت کی اطلاع ملنے پر مختلف شخصیات نے ہسپتال جا کر ان کی عیادت کی ۔

متعلقہ عنوان :