کرا چی، پیرپگارا کی جانب سے سندھ میں کسی بھی غیر آئینی عمل کی مخالفت والے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں،سید ناصر حسین شاہ

منگل 1 جنوری 2019 22:10

کرا چی، پیرپگارا کی جانب سے سندھ میں کسی بھی غیر آئینی عمل کی مخالفت ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2019ء) سینئر صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز ،جیل خانہ جات اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیرپگارا اور صدر الدین راشدی کی جانب سے سندھ میں کسی بھی غیر آئینی عمل کی مخالفت والے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔پگاڑا خاندان سینئر سیاسی گھرانہ ہے۔ انہوں نے فواد چوہدری کو وقت نہ دے کر سازش کا حصہ بننے سے انکار کیا جو کہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بھی امید ہے کہ وہ کسی بھی غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ پی ٹی آئی والے نومولود سیاستدان ہیں۔ فواد چوہدری غیر جمہوری باتیں کرتے رہے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت سیاسی جماعتوں کی کمزور بیساکھیوں کے سہارے کھڑی ہے اور یہ لڑکھڑاتی ومانگے تا نگے کی حکومت پیپلز پارٹی کی مضبوط جمہوری حکومت کو کچھ بھی نقصان پہنچانے کی سکت نہیں رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نہیں چاہتے کہ جمہوری حکومت ڈی ریل ہو یا جمہوری عمل کو کسی بھی کسی قسم کا نقصان ہو۔ سیاسی شعبدہ باز کچھ بھی کرلیں وہ اپنے مذموم و مقروہ مقاصد اور سازش میں بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ فارورڈ بلاک کی خبریں صرف افواہیں ہیں اور مفروضوں پر قائم ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام اداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں اور غیر قانونی وغیر آئینی اقدا ما ت سے اجتناب کریں۔ احتساب کے خلاف نہیں تاہم سب کیلئے ایک ہونا چاہیے انصاف ہونا چاہیے کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔