مولانا طارق جمیل دل کے عارضہ کے باعث ہسپتال داخل،ایک سٹنٹ ڈالا گیا ،طبیعت بہتر ہے ‘ ڈاکٹرز

مختلف شخصیات نے ہسپتال جا کر عیادت کی ،سپیکر اور قائد حزب اختلاف نے اہل خانہ کو ٹیلیفون پر خیریت دریافت کی

منگل 1 جنوری 2019 22:37

مولانا طارق جمیل دل کے عارضہ کے باعث ہسپتال داخل،ایک سٹنٹ ڈالا گیا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) ممتاز عالم دین اورمذہبی سکالرمولانا طارق جمیل کو دل کے عارضہ کے باعث نجی ہسپتال داخل کرادیا گیا جہاں ایک سٹنٹ ڈالا گیا ہے ،مختلف شخصیات نے ہسپتال جا کر اور ٹیلیفون پر خیریت دریافت کی ۔بتایا گیاہے کہ مولانا طارق جمیل گزشتہ رات کینیڈا سے واپس آئے تھے اور منگل کے روز انہیں سینے میں شدید تکلیف کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال لے جایا گیا ۔

ڈاکٹروں کی جانب سے مولانا طارق جمیل کو فوری طبی امداددی گئی اورمختلف ٹیسٹ کئے گئے ۔ ڈاکٹروں کی تجویزکے بعد مولانا طارق جمیل کی انجیوگرافی کی گئی اور بعد ازاں ایک سٹنٹ ڈال دیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ چھ سال قبل بھی مولانا طارق جمیل کو سٹنٹ ڈالا گیا تھا اور اس میں خرابی کی وجہ سے انہیں نیا سٹنٹ ڈالا گیا۔

(جاری ہے)

مولانا طارق جمیل کے بھائی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر طاہر کمال نے سٹنٹ ڈالا ۔

مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے، انہیں آئندہ 24 گھنٹے ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ترجمان نے تصدیق کی کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد ہوا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال لایا گیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا طارق جمیل کی طبیعت اب بہتر ہے۔مولانا طارق جمیل کی علالت کی اطلاع ملنے پر مختلف شخصیات نے ہسپتال جا کر ان کی عیادت کی ۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر نے اہل خانہ کو ٹیلیفون کر کے مولانا طارق جمیل کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعاکرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔