Live Updates

ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے مہمان خانوں کے منصوبے کا آغاز

وزیر صحت یاسمین راشد نے جناح ہسپتال لاہور میں پہلے مہمان خانے کا افتتاح کر دیا مہمان خانے میں مریضوں کے 200 رشتہ داروں کے قیام و طعام کی سہولت مہیا کی گئی ہے

منگل 1 جنوری 2019 23:06

ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے مہمان خانوں کے منصوبے کا آغاز
لاہور۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے مہمان خانوں کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہسپتال لاہور میں پہلے مہمان خانے کا افتتاح کیا۔ اس مہمان خانے میں نہ صرف دوردراز سے آنے والے تیمارداروں کیلئے شدید سردی سے بچائو بلکہ رات کو قیام اور کھانے کا بھی بندوبست ہے۔

جناح ہسپتال کے مہمان خانے میں مریضوں کے 200 رشتہ داروں کے قیام و طعام کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ وزیر صحت نے مہمان خانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مہمانوں سے گفتگو کی۔ شہریوں نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سخت موسم یا بارش میں دور دراز کے علاقوں سے اپنے پیاروں کے ساتھ ہسپتال آنے والوں کے بارے میں کسی حکومت نے پہلی بار سوچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کیلئے دعائیں کیں۔ وزیر صحت نے ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید کو روزانہ مہمان خانے کا خود دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں بتایا کہ جنرل ہسپتال لاہور، پی آئی سی، سروسز ہسپتال، میو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں بھی مہمان خانے بن رہے ہیں۔ نئے سال پر وزیراعظم نے قوم کو تحفہ دیا ہے۔ اگلے مرحلے میں دیگر بڑے ہسپتالوں میں بھی مہمان خانے بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسی کے مطابق محکمہ صحت اس عوام دوست منصوبے کو آگے بڑھائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رواں میں 10ہزار افراد میں ہیلتھ کارڈز کی تقسیم کا کام شروع کردیا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات