طبی میدان میں تحقیق شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ کا طرہ امتیار تھا ‘مقررین

محمد حسن قرشی ؒ ایک درد دل رکھنے والے طبیب تھے‘پروفیسر حکیم منصور العزیز,پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی

بدھ 2 جنوری 2019 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) بزم قرشی پاکستان کے زیر اہتمام قرشی انڈسٹریز کے تعاون سے شفا الملک حکیم محمد حسن قرشیؒ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کا موضوع ’’شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشیؒ ایک طبیب حاذق اور استاد‘‘ تھا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی حکیم منصور العزیز (سیکرٹری جنرل پاکستان طبی کانفرنس) تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں پروفیسر وید جمیل خان (نائب صدر قومی طبی کونسل)،حکیم محمد احمد سلیمی(چیئرمین بزم قرشی پاکستان)، حکیم حامد محمود (چیف آرگنائزر بزم قرشی پاکستان)، ڈاکٹر طلعت ناہید(ہیڈ آف بی ای ایم ایس ڈیپارٹمنٹ)، پروفیسر حکیم محمد اسلم طالب، حکیم بابر بن دلاور(ڈی ایس پی لاہور) تھے جبکہ مقررین میں حکیم شاہد نوید، حکیم عبد الرحمن، حکیم جاوید رسول، حکیم سید عمران فیاض اور حکیم لیاقت سعید شامل تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر میں طبیہ کالجز کے پرنسپل حضرات سعد عابد میر(اے آر میموریل کالج)، محمد طارق (یونانی میڈیکل کالج شاہدرہ)سمیت حکیم امجد وحید بھٹی، حکیم احمد حسن نوری، حکیم تصور حسین، سکندر حیات زاہد،حکیم طاہر نوید جنجوعہ، حکیم محمد یوسف اکبر،حکیم راحت نسیم سوہدروی، حکیم محمد عمر فاروق گوندل، حکیم افضل میو ، حکیم سیف اللہ لودھی ،حکیم محمد عیسیٰ نذیری،طبیبہ فرح چوہدری، طبیبہ محمودہ سلطانہ،بزم قرشی پاکستان کے تمام عہدیداران، پاکستان طبی کانفرنس شعبہ خواتین کی تمام عہدیداران شامل تھے۔

تقریب میں سٹیج کے فرائض طبیبہ ماریہ منیس اور حکیم نذیر احمد تابش نے انجام دیے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ حکیم محمد احمد سلیمی(چیئرمین بزم قرشی پاکستان) نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشی ؒ ایک درد دل رکھنے والے طبیب تھے، غریب ، امیر اور رنگ و نسل سے آزاد ہو کر علاج معالجہ کرتے تھے بلکہ غریب مریضوں کی مالی مدد بھی کیا کرتے تھے۔

پروفیسر حکیم منصور العزیز، پروفیسر وید جمیل خان، پروفیسر حکیم شاہد نوید، حکیم لیاقت سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شفا الملک ایک غریب پرور، تہجد گزار اورنیک سیرت انسان تھے اس کے ساتھ ساتھ طبی میدان میں تحقیق بھی ان کا طرہ امتیار تھا۔طب کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈاکٹر طلعت ناہید (ہیڈ آف بی ای ایم ایس ڈیپارٹمنٹ)نے اس موقع پر تمام حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور شفاء الملک اور خاندان قرشی کے کار ہائے نمایاں بیان کیے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر حاضرین کوقرشی کا مشہور زمانہ جوہر جوشاندہ پلایا گیا اور بھر پور تواضع بھی کی گئی۔