کوہاٹ اور راولپنڈی کے درمیان روزانہ چلنے والی ریل کار’ ’کوہاٹ ایکسپریس ‘‘کی تین بوگیاں کم ِکردی گئیں

بدھ 2 جنوری 2019 16:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) پاکستان ریلوے نے کوہاٹ اور راولپنڈی کے درمیان روزانہ کی بنیاد پرچلنے والی ریل کار ’کوہاٹ ایکسپریس ‘کی تین (3)بوگیاں کم کرکے عوام کو شدیدپریشانی اور سفری مشکلات سے دوچار کردیا۔سابق حکومت نے تقریباً چھ سال کے تعطل کے بعد کوہاٹ ریلوے سٹیشن کی تزئین و آرائش ‘ ریلوے ٹریک سمیت ریل کار کو اپ گریڈ کرنے پرکروڑوں روپے خرچ کرکے ستمبر2017میں ریلوے سروس دوبارہ بحال کردی تھی جس پر کوہاٹ سمیت ملحقہ دیگر اضلاع کے لوگوں نے بہت زیادہ خوشی کا اظہار کیاتھا۔

گزشتہ ڈیڑھ سال سے کوہاٹ راولپنڈی کے درمیان چلنے والی کوہاٹ ایکسپریس نہایت کامیابی سے جاری ہے اور کوہاٹ سے روزانہ صبح روالپنڈی کے لئے جانے والی کوہاٹ ایکسپریس شام کو واپس آجاتی ہے جس میں ہرروز سینکڑوں کی تعدادمیں مسافرریلوے کی آرام دہ اور آسان سفر سے استفادہ کرتے ہیں لیکن گزشتہ چند دنوں سے پاکستان ریلوے نے نامعلوم وجوہات کی بناکوہاٹ ایکسپریس کی نو(9)میں سے تین(3) بوگیاں کم کردیں جس کی وجہ سے عوام اور خاص کر تاجر برادری کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

اہالیان کوہاٹ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے اپیل کی ہے کہ نہ صرف موجود کوہاٹ ایکسپریس کی تین بوگیاں بحال کردی جائیں بلکہ کوہاٹ سے ایک اور ٹرین سروس فوری طورپرشروع کی جائے تاکہ کوہاٹ سمیت دیگر جنوبی اضلاع کی عوام ریلوے کی سفر سے مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :