Live Updates

وزیراعظم عمران خان ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر (آج) جمعرات سے ترکی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی‘ وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا

بدھ 2 جنوری 2019 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر (آج) جمعرات سے ترکی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی‘ وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان ترکی کے صدر سے ملاقات اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔ وہ انقرہ میں اپنے قیام کے دوران ترک کاروباری شخصیات اور متوقع سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ عقیدے اور صدیوں پرانے ثقافتی رشتوں پر مبنی تاریخی اور بے مثال تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان شاندار سیاسی ‘ اقتصادی‘ دفاعی‘ ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط بھی استوار ہیں جو ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کا آئندہ دورہ دونوں حکومتوں اور برادر ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔

اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص اقتصادی و تجارتی میدان میں تعاون اور اشتراک کار کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یاد ہے کہ رواں سال اگست میں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان نے سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا بھی گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات