Live Updates

کوئی کسی کی حکومت نہیں گرارہا ،آئینی و جمہوری اقدار کو قائم رکھیں گے‘چوہدری محمد سرور

کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بلاتفریق احتساب کیا جائیگا ،جب سے حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے کسی کیخلاف کوئی کیس نہیں بنایا گیا وفاق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا،صاف پانی کی فراہمی کیلئے پنجاب صاف پانی اتھارٹی بن رہی ہے‘ پریس کانفرنس سے خطاب گورنر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں مقبول احمد بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی چوہدری سرور نے نجی ہسپتال جا کر معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی عیادت کی ،جلد صحتیابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا

بدھ 2 جنوری 2019 20:36

کوئی کسی کی حکومت نہیں گرارہا ،آئینی و جمہوری اقدار کو قائم رکھیں گے‘چوہدری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت کسی سے محاذ آرائی چاہتی ہے اور نہ ہی کوئی کسی کی حکومت گرا رہا ہے ،آئینی و جمہوری اقدار کو قائم رکھیں گے ،شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے آب حیات اتھارٹی قائم کی جارہی ہے،حکومت آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب کے تمام شہریوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کی سہولیات فراہم کرے گی ،اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھ رہے ہیں،لوڈشیڈنگ میں کمی ، کلین گرین پاکستان ہمارا خواب ہے،کرپشن معاشرے میں کینسر کی طرح سرایت کرچکی ہے اِس کے خاتمہ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بلاتفریق احتساب کیا جائے گا ،کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا، جب سے حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے کسی کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا گیا ،وفاق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب بڑا ہونے کے ناطے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔ پاکستان کو صحت ،تعلیم اور دیگر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے مگر سب سے بڑا چیلنج ہیپاٹائٹس کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری گندا پانی پینے سے ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں اوراِن کی ہیپاٹائٹس سکریننگ بھی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اِس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔گورنر نے بتایا کہ فارماسوئیٹکل کمپنیز نے 15ہزار سے زائد مریضوں کے لئے ہیپاٹائٹس کی مفت ادویات دینے کا اعلان کیا ہے جن کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، کے پی کے، بلوچستان، گلگت بلتتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جی جیل خانہ جات کو کہا گیا ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی فہرست تیار کریں تاکہ اِن کو بھی مفت ادویات فراہم کی جائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سکریننگ کے لئے ڈویژن کی سطح پر موبائیل ہیلتھ یونٹ قائم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہ کہ صوبہ بھر کی پولیس لائنز میں بھی پولیس اہلکاروں اور افسران کی سکریننگ جارہی ہے اور 10میں سے 6پولیس الکار ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ صوبے کی تمام جیلوں کی خواتین بیرکوں میں ہنرگاہ سینٹر قائم کیئے جائیں گے تاکہ خواتین کو ہنر مند بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات کی طرف سے 500سلائی مشینوں کی ڈیمانڈ آئی ہے اور 100 سلائی مشینوںکی پہلی قسط دی جارہی ہے جبکہ رواں ماہ کے آخر تک بقیہ تمام سلائی مشینیں دے دی جائیں گی۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں مقبول احمد بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔

نئے بلاک کی عمارت 4 منزلہ ہو گی جس پر 680 ملین روپے لاگت آئے گی ۔ عمارت 21 ماہ میں مکمل ہو گی ۔ نئے بلاک کی تعمیر کے لئے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر مقبول احمد نے رقم عطیہ کی ہے ۔ ڈاکٹر مقبول احمد نے 1968 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی تھی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے ڈاکٹر مقبول احمد کو نئے بلاک کی تعمیر کے لیئے رقم عطیہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک جا کر بھی اپنے وطن اور اپنی بنیادوں کو نہیں بھولے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں ملک کو وہ پاکستان بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے جس کا خواب علامہ محمد اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو مثالی درسگاہیں بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران کی تعیناتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی اور کسی قسم کا سیاسی دبا نہیں ڈالا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 تک تمام یونیورسٹیوں کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا نیز واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے اقدامات مکمل کر لئے جائیں تاکہ یہ پانی آبپاشی کے لئے قابل استعمال لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے معاملات کو فوری حل کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور فائلوں کی موومنٹ چیک کرنے کے لئے ٹریکنگ سسٹم کا اجرا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم سے بڑھ کر کوئی مخیر نہیں ۔دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ملک کی سیاسی اور انتظامی معاملات پر تبادل خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے نجی ہسپتال میں زیر علاج معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی عیادت کی ۔ گورنر پنجاب نے انہیں پھولوںکا گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات