سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی اور حیدرآباد کے مسائل کا واحد حل شہری علاقوں سے وزیر اعلیٰ منتخب کرانا ہے، انیس قائم خانی

بدھ 2 جنوری 2019 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی اور حیدرآباد کے مسائل کا واحد حل شہری علاقوں سے وزیر اعلیٰ منتخب کرانا ہے، ایم کیو ایم کو سندھ اسمبلی میں اکثریت کی وجہ سے وزیر اعلیٰ منتخب کرانے کا کئی مرتبہ موقع ملا لیکن وہ اپنی لسانی سیاست کی وجہ سے ناکام رہے۔ 1990 میں نواب جام صادق علی، 1997 میں لیاقت جتوئی، 2002 میں علی محمد مہر اور 2004 میں ارباب غلام رحیم ایم کیو ایم کے ووٹوں پر وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔

ہمیں لسانی سیاست کی طرف بلانے اور متحد ہونے کا درس دینے والے بتائیں کہ لسانی سیاست کر کے ہم نے طاقت تو حاصل کر لی تھی لیکن کیا ہم کامیاب بھی ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاک سر زمین پارٹی انیس قائم خانی نے پی ایس 94 کی انتخابی مہم کے دوران علاقہ مکینوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی اب تک کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، ملک میں صرف سید مصطفیٰ کمال ایک ایسی شخصیت ہیں جو اپنے ماضی کی کامیابیوں پر آئندہ بھی وہی کارکردگی دکھانے کا دعویٰ کر سکتے ہیں، باقی سب صرف زبانی وعدوں سے کام لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لانڈھی کی عوام ہمیں موقع دے ہم کراچی کے حقوق کے لیے بلا تفریق آواز اٹھائیں گے۔ پاک سر زمین پارٹی کے کارکنان کی جانب سے حلقے کی عوام سے ملاقاتوں اور شعبہ خواتین کی جانب سے گھر گھر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔