جعلی بنک اکائونٹس کا معاملہ ڈرامہ ہے جسے اپوزیشن کی بدنام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ‘قمر زمان کائرہ

اصغر خان کیس میں پہلے رقم دینے والوں کیخلاف کاروائی کریں ،پھر لینے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 جنوری 2019 17:30

جعلی بنک اکائونٹس کا معاملہ ڈرامہ ہے جسے اپوزیشن کی بدنام کیلئے استعمال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جعلی بنک اکائونٹس کا معاملہ ڈرامہ ہے جسے اپوزیشن کی بدنام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ،ہمارے لیے ای سی ایل میں نام شامل ہونا یا نکالنا اہمیت نہیں رکھتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 5 جنوری کو لاہور ہائیکورٹ آمد کے حوالے پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ پہنچے جہان پیپلز لائرز فورم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں شاہد عباس نے انکا استقبال کیا۔قمر زمان کائرہ نے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ جبکہ میاں شاہد عباس نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے حوالے سے تمام انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اصغر خان کیس میں پیسے لینا تو ثابت نہیں ہوا مگر پیسے دینے والے تو سب کچھ مانتے ہیں،رقم دینے والوں کے بیان حلفی بھی دیئے اور عدالت میں رقم دینے کے حوالے سے بیان بھی دیئے ،پہلے رقم دینے والوں کے خلاف کاروائی کریں پھر لینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی بنک اکائونٹس کا معاملہ ڈرامہ ہے جسے اپوزیشن کی بدنامی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے موقف دیا کہ ایف آئی کے کہنے پر نام ای سی ایل میں نام گئے مگر حکومت بھول گئی کہ ایف آئی اے بھی تو حکومت کا ادارہ ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ای سی ایل میں نام شامل ہونا یا نکالنا اہمیت نہیں رکھتا۔