بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ،شدید دھند سے گڈو تھرمل پاور ہائوس کے تین یونٹ ٹرپ کر گئے،

دیگر مقامات پر بھی فنی خرابی سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل رہی ،شارٹ فال بڑھنے سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید ٹیمیں تعینات کی جائیں،وزیر توانائی عمر ایوب نے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا نوٹس لے لیا

جمعرات 3 جنوری 2019 19:55

اسلام آباد/لاہور/کشمور/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ،پیداوار میں کمی،شدید دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور ہائوس کے تین یونٹ اورٹرانسمیشن لائنز کے انسولیٹر اسٹرنگ شارٹ ہونے سے 500کے وی اور 220 کے وی کے متعدد سرکٹس ٹرپ کرگئے جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل رہنے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ،وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 8150میگاواٹ اور طلب 14 ہزار میگاواٹ ہے ۔تربیلا اور منگلا میں بجلی پیدا کرنے والے متعدد یونٹس بند ہیں اورپن بجلی ذرائع سے صرف 600میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2550میگاواٹ اورنجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 5ہزار میگاواٹ ہے جس کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

گزشہ روز بھی شدید دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور ہائوس کے تین یونٹ ٹرپ کرجانے کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے تھرمل پاور گڈوہائوس کے 747میگاواٹ کے تین یونٹ اچانک ٹرپ کر گئے اور بجلی سسٹم سے نکل جانے کے باعث سندھ سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہم بند ہوگئی۔

گڈو تھرمل ذرائع کے مطابق آپریشنل عملے نے فنی خرابی کو دور کرنے کے لئے فوری کام شروع کر دیا ۔مزید بتایا گیا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائنز کے انسولیٹر اسٹرنگ شارٹ ہونے سے 500کے وی اور 220کے وی کے متعدد سرکٹس ٹرپ کرگئے ہیں جس سے بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہوا ۔بجلی بحران کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10سے 12گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے جبکہ دیہات میں 13سے 15گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔

جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں بار بار ٹرپنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف توانائی کے وزیر عمر ایوب نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا نوٹس لے لیا ہے۔اسلام آباد میں نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے دورے میں انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ۔وفاقی وزیر نے این ٹی ڈی سی ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید ٹیمیں تعینات کی جائیں اورصارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔