عطائیوں، کالے جادو، عاملوں ،غیر مستند حکیموں، پیروں اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے اشتہارات فوری طور پر بند کر دیں،

پیمرا کی ٹی وی چینلز اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کو ہدایت

جمعرات 3 جنوری 2019 21:17

عطائیوں، کالے جادو، عاملوں ،غیر مستند حکیموں، پیروں اور غیر رجسٹرڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2019ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ عوام کو گمراہ کرنے والے عطائیوں، کالے جادو، عاملوں ،غیر مستند حکیموں، پیروں اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے اشتہارات فوری طور پر بند کر دیں ۔

پیمرا ترجمان کے جاری بیان کے مطابق سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس پر دکھائے جانے والے صحت اور فٹنس سے متعلق اشتہارات نہ صرف پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا( پروگرام و اشتہارات) ضابطہٴ اخلاق 2015ء بلکہ غیر شائستہ اشتہارات ایکٹ 1963 کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان سٹیزن پورٹل اور پیمرا کمپلینٹ کال سنٹر پر عوام الناس کی طرف سے بے شمار شکایات بھی مسلسل موصول ہو رہی ہیں، یہ اشتہارات ناظرین کیلئے ذہنی اذیت کا سبب بن رہے ہیں اور جسمانی اور ذہنی صحت کو ناتلافی نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ عملدآمد نہ کرنے کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002 ترمیم شدہ پیمرا (ترمیمی )ایکٹ 2007اور2018کی سیکشن 27، 29، اور 30کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔