رانا ثناء اللہ کا شیخ رشید کی کیخلاف نااہلی ریفرنس دائرکرنے کا اعلان

شیخ رشید کیخلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا رہاہوں، شیخ رشید نے اپنے بھتیجوں اور بھائیوں کے نام پر پراپرٹی بنائی،شیخ رشید نے کشمیر کاز کے ساتھ غداری کی۔ن لیگ کے رکن قو می اسمبلی رانا ثناء اللہ کے ریفرنس کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جنوری 2019 14:25

رانا ثناء اللہ کا شیخ رشید کی کیخلاف نااہلی ریفرنس دائرکرنے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا ثناء اللہ خان نے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کا اعلان کردیا ہے، شیخ رشید کیخلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا رہاہوں، شیخ رشید نے اپنے بھتیجوں اور بھائیوں کے نام پر پراپرٹی بنائی،شیخ رشید نے کشمیر کاز کے ساتھ غداری کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیرقانون پنجاب اور رکن قو می اسمبلی رانا ثناء اللہ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی نااہلی کیلئے ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا رہا ہوں۔ رانا ثناء اللہ نے اپنی درخواست میں کہا کہ مئودبانہ التماس ہے کہ اس معزز ایوان کے تقدس سے جڑے ایک انتہائی اہم معاملے کی جانب آپ کی توجہ مبذول کر انے کی اپنی آئینی ،قانونی اور پارلیمانی ذمہ داری پوری کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہاگیا کہ معزز ایوان میں ایک ایسا شخص رکن کا لبادہ اوڑھے بیٹھا ہے جس کے خلاف سنگین الزامات اور ان کو ثابت کر نے والے واضح شواہد اور ثبوت دستیاب ہیں جو میں آپ کی خدمت میں پیش کرتے ہوئے اس پر قانونی کارروائی کیلئے استدعا کرتا ہوں۔ درخواست میں کہا گیاکہ اس شخص کا نام شیخ رشید احمد ہے جو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 62 راولپنڈی سے معزز ایوان میں موجود ہے۔

رانا ثناء اللہ کی جانب سے درخواست میں الزامات عائد کئے گئے کہ شیخ رشید احمد نے کشمیر کاز جو پاکستان کی شہ رگ ہے اور مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی سے غداری ہے۔ اس شخص نے اس کاز کے نام پرٹریننگ کیمپ قائم کیا تھا۔ اس کے ثبوت میر ے پاس موجود ہیں ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس ٹریننگ کیمپ کواس شخص نے جوئے کے اڈے کے طور پر چلایا اور حرام کی کمائی کی اور لوگوں سے بھتہ بھی جمع کیا اس نے اپنے بھائیوں اور بھتیجوں کے نا م پر کاروبار کیا جو اس وقت اربوں، روپے میں ہے دراصل یہ شخص خو د اس کاروبار کا ما لک ہے ۔

اس نے اپنے بھائیوں اور بھتیجوں کے نام پر بے نامی جائیدادیں بھی بنا رکھی ہیں۔ جدوجہد آزاد ی سے غداری اور اسے ایکسپلائٹ کرنے پر اس شخص کو نا اہل قرار دینے کیلئے ریفرنس کمیشن کو بھجوایا جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ یہ شخص عادی جھوٹا اور فراڈ یہ انسان ہے جس نے ہر معاملے میں فراڈ کیا ہے۔ یہ پہلے بھی اس وزارت میں کرپش کرتا رہا ہے اور اب بھی بد عنوانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک ایسا انسان جو فطرتا جھوٹا اور فراڈیہ ہو ، ایسے فرد کی موجودگی اس معزز اور مقدس ایوان کی توہین ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ اس شخص کی جنسی شنا خت کیلئے طبی ملاحظہ کرایا جائے کیونکہ اس نے فراڈ کیا ہوا ہے اور اس نے خو کو چھپایا ہوا ہے ۔ طبی ملاحظہ کرانے پر اس کی حقیقت سامنے آجائیگی۔ اسپیکر کے نام ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ آپ سے استدعا ہے کہ ان مذکورہ بال وجوہات کی بنیاد پر شیخ رشید احمد کیخلاف ریفر نس الیکشن کمیشن کو مزید قانونی کارروائی کیلئے بھجوایا جائے ۔

اوپر بیان کر دہ ان تین وجوہات کے حق میں شواہد، دستاویزی شہادتیں میرے پاس موجود ہیں کہ اس نے کن کن لوگوں سے کشمیر کاز پر بھتہ لیا۔ جوئے سے جائیداد او ر اثاثے بنائے۔ میں آپ کی خدمت میں اور الیکشن کمیشن کو بھی یہ شواہد پیش کروں گا ۔ آپ سے استدعا ہے کہ اس شیطان صفت انسان کو اس معزز ایوان سے باہرنکالا جائے اور اس ایوان کے تقدس کو بحال کیا جائے۔