نیپرا نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا

این ٹی ڈی سی سے رپورٹ طلب، صارفین شدید پریشان ہیں، وزارت توانائی حکام بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اعلامیہ نیپرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جنوری 2019 17:41

نیپرا نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری2019ء) نیپرا نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا ہے، نیپرا نے این ٹی ڈی سی سے رپورٹ طلب کرلی ہے،صارفین شدید پریشان ہیں،وزارت توانائی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی حکومت نے گزشتہ تین روز سے ملک میں بدترین جاری بجلی کی لوڈشیدنگ پر اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔

ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جاری ہے۔جس کے تحت حکومت نے سردیوں میں 16،16گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ریکارڈ قائم کردیا گیا ہے۔ چھوٹے اور پسماندہ دیہاتی علاقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں بھی گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگر شہروں اور گردونواح کے علاقوں میں 14سے 16گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پن بجلی کے بڑے منصوبوں تربیلا اور منگلا ڈیموں سے بھی بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیموں سے پن بجلی کی پیداوار صرف 600 میگاواٹ رہ گئی ہے۔اسی طرح گیس اور ایل این جی کی کمی سے بجلی کے 13 تھرمل پاورپلانٹس بھی بند ہوگئے ہیں۔

جس کے باعث قومی گریڈ اسٹیشن میں بجلی کی پیداوار اور طلب میں واضح فرق آگیا ہے۔ بجلی کی پیدوار میں کمی سے بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوزکرگیا ہے۔جبکہ گیس اور ایل این جی کی کمی سے گدو، بلوکی، حویلی شاہ بہادر اور نندی پور سمیت 13پاورپلانٹس بند پڑے ہیں۔ تاہم ب نیپرا نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر نوٹس لے لیا ہے۔ نیپرا نے این ٹی ڈی سی سے لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اعلامیہ نیپرا کے مطابق وزارت توانائی متعلقہ اداروں کو ہدایت کرے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ جبکہ بجلی کی کمپنیاں بھی ماتحت اداروں کو بجلی بحران پر قابوپانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔