پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی سالانہ 11ویں تقریب 6جنوری کومنعقد کی جائے گی

رنگارنگ ثقافتی تقریب کے موقع پر 80ہندو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے

جمعہ 4 جنوری 2019 19:47

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2019ء) پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام ملک بھر کے غریب مستحق ہندو جوڑوں کیلئے اجتماعی شادی کی11ویں رنگارنگ ثقافتی تقریب کا انعقاد بروز اتوار 6 جنوری کوریلوے گراؤنڈ کراچی میں کیا جائے گا۔ پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اورممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے مطابق اجتماعی شادیوںکی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان کے کونے کونے سے ہندو باشندے کراچی پہنچ رہے ہیں جنکے استقبال کیلئے شایان شان اقدامات کیے گئے ہیں، اس موقع پر ملک بھر کی نمایاں قومی و سماجی شخصیات کو نوبیاہتا جوڑوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قیام پاکستان سے ہندو کمیونٹی کو درپیش مسائل میں سے ایک اہم ترین مسئلہ شادیوں کے حوالے سے رہا ہے، سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندوکونسل کا کہنا تھا کہ خدا کے نزدیک فلاحی کاموں میں سب سے اہم کام کسی کا گھر بسانا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے مسلسل گیارہ سال اجتماعی شادیوں کے انعقاد کو اپنی فلاحی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکا ٹارگٹ ہر سال کم از کم ایک سو مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیو ں کا انعقاد کرانا ہے، رواں برس اسی ہندو جوڑ ے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے بھرپور کوریج کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی برادری کو دکھائیں کہ پاکستان میں غیرمسلموں کو اپنے مذہبی عقائد پر کاربند رہتے ہوئے سماجی تقریبات منعقد کرنے کی آزادی حاصل ہے۔